بحریہ ٹاؤن:تیسری سفاری ہیلتھ میراتھون کا انعقاد

بحریہ ٹاؤن:تیسری سفاری ہیلتھ میراتھون کا انعقاد

لاہور(سپورٹس ڈیسک )بحریہ ٹاؤن نے اپنی کمیونٹی کی روایتِ آگہی برقرار رکھتے ہوئے، سفاری ولاز میں واقع سفاری کلب کے زیرِ اہتمام تیسری سفاری ہیلتھ میراتھون کا انعقاد کیاگیا۔ ایونٹ کے مہمانِ خصوصی کموڈور(ر) محمد الیاس وائس چیف ایگزیٹو، بحریہ ٹاؤن نے فیتہ کاٹ کر ریس کا آ غاز کیا ۔ ریس کو پانچ الگ الگ کیٹیگریز میں تقسیم کیا گیا تھا ۔خواتین اور حضرات کے الگ الگ مقابلے منعقد ہوئے ۔ پہلی کیٹگری میں سولہ سال تک کی عمر کے نوجوان لڑکوں اور لڑکیوں نے حصہ لیا۔ دوسری کیٹگری میں سترہ سے پینتیس سال کے خواتین و حضرات کے الگ الگ مقابلے منعقد ہوئے۔ تیسری کیٹیگری میں پینتیس سال سے پینتالیس سال اور چوتھی کیٹگری میں پینتالیس سال سے پینسٹھ سال اور پانچویں کیٹگری میں پینسٹھ سال سے زائدعمر کے خواتین اور مرد وں نے پرجوش طریقے سے حصہ لیا ۔ عورتوں ، بچوں اور مردوں کے ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو مہمانِ خصوصی نے انتہائی خوش آئند قرار دیا ۔ سفاری ہیلتھ میراتھون سفاری کلب سے شروع ہر کر منی گالف کلب پر ختم ہوئی ۔ تقریبِ تقسیمِ انعامات سے خطاب میں کموڈور(ر) محمد الیاس و ائس چیف ایگزیٹو، بحریہ ٹاؤن نے عورتوں اور بچوں اور مردوں کے ان مقابلوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کو انتہائی خوش آئند قرار دیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ،خوشحال معاشرہ چیئر مین بحریہ ٹاؤن ملک ریاض حسین کا وژن ہے۔ صاف ستھری رہائشی اسکیم کا مقصد صحتمند اور آلودگی سے پاک ماحول میں صحتمند افراد کی پرورش کرنا ہے۔ ہمیں ایک بہتر معاشرے کے لئے مشترکہ کاوشیں کرنی ہونگی۔ اس تحریک کی خاطر ہمارے منصوبوں میں صحت مندانہ سرگرمیوں کے فروغ کے لئے ہر تھوڑے وقفے پر پارکس ،اور تفریح گاہیں ہیں۔ اور ہم نے اسے اپنے ماسٹر پلان کا خصوصی حصہ بنادیا ہے ۔اس موقع پر پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا سمیت سول سوسایٹی اور بحریہ ٹاؤن کے رہائشی بھی موجود تھے۔عہدِ جدید کے ترقی یافتہ ممالک میں ایسی سرگرمیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی