جماعت اسلامی کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی،ذکر اللہ مجاہد

جماعت اسلامی کی قیادت ملک کو بحرانوں سے نکالے گی،ذکر اللہ مجاہد

لاہور (پ ر)امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے کا فریضہ جماعت اسلامی کی صالح قیادت سرانجام دے گی ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوں نے کینٹ زون 156 میں زونل ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی لاہور انجینئر اخلاق احمد ، میجر افتخار اعوان ، مقصود حسین ، خالد صدیقی ، مرغوب اقبال ، راجہ فرخ عطا ، رانا محمد طفیل ، عبدالحفظ اعوان و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مہنگائی بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ اور حکمرانوں کی کرپشن نے ملک کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے ۔ عوامی مسائل حل نہ ہونے کی وجہ سے مزدور اور غریب طبقہ مایوس ہو چکاہے ۔ حکومت کی ناکام اور غریب دشمن پالیسیوں کی بدولت آج ملک بے شمار بحرانوں اور قرضوں کی دلدل میں بری طرح پھنس چکا ہے ۔ موجودہ حکومت نے قرض لینے میں گذشتہ تمام حکومتوں کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں بڑی تعداد میں قرض لینے کے باوجود ملک میں بے روزگاری ، لوڈشیڈنگ کا خاتمہ نہیں ہو سکا۔ حکمران عوام کو دھوکے میں رکھ کر حکومت چلا رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو بحرانوں سے نکالنے اور درست سمیت میں ڈالنے کیلئے کارکنان اور ذمہ داران عوامی رابطوں کوبڑھائیں تاکہ لوگ خدمت کی سیاست کرنے والی صالح اورکرپشن سے پاک دیانتدار قیادت کا ساتھ دیں ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1