مسلم ممالک نے اختلافات ختم نہ کئے تو گاجر مولی کی طرح کٹتے رہیں گے ، اعجاز ہاشمی

مسلم ممالک نے اختلافات ختم نہ کئے تو گاجر مولی کی طرح کٹتے رہیں گے ، اعجاز ...

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) جمعیت علما پاکستان کے مرکزی صدر اورمتحدہ مجلس عمل کے مرکزی نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے شام پر امریکہ، فرانس اور برطانیہ کی طرف سے میزائل حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم ممالک نے باہمی اختلافات ختم نہ کئے تو گاجر مولیوں کی طرح کٹتے رہیں گے۔ سول آباد ی کو بچانے کے لئے متحارب ممالک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اقوام متحدہ اور عالمی ادارے شامی عوام کے تحفظ کو یقینی بنائے۔ بدقسمتی ہے کہ پوری دنیا میں بدامنی اور قتل و غارت گری صرف مسلمان ممالک میں ہی ہے۔ امریکہ ، روس ، ترکی ، ایران اور سعودی عرب ایسے اقدامات سے گریز کریں جن سے عام لوگ دہشت گردی کا شکار ہوں۔ مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ امریکہ اور روس سمیت دیگر عالمی طاقتیں شامی عوام کے حال پر رحم کرتے ہوئے باہمی جنگ اپنی سرزمین پر لڑیں۔ شام سے نکل جائیں اور عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے دیں۔ دوسرے ممالک میں مداخلت اور حکومتیں تبدیل کرنے کی پالیسیوں نے عالمی امن تباہ کردیا ہے۔ جس کا نقصان ان ممالک کو نہیں بلکہ عام لوگوں کو ہوا ہے۔ اس لئے ہماری متحارب ممالک سے اپیل ہوگی کہ وہ شام کو مزید تباہی سے بچانے کے لئے اپنی سرزمین استعمال کریں۔ مسلم ممالک کو تختہ مشق نہ بنائیں۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ دہشت گردی کوئی بھی کرے ، انسانیت کے خلاف جرم ہے ،سب اس بات پر متفق ہیں کہ عالمی دہشت گردی کو ختم ہونا چاہئے۔ لیکن امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جس طریقے سے روس کوسمارٹ میزائلوں کا سامنا کرنے کی دھمکیاں دی ہیں اور روس نے جوابی کارروائی کے بیانات دیے ہیں ، یہ عالمی امن کے لئے تباہ کن ہوگا۔ کیونکہ دونوں کا ہدف شام ہی ہے۔ اس طرف توجہ نہ دی گئی تو دنیا تباہی کا شکار ہوجائے گی۔ جس کا کوئی مداوا نہیں ہوسکے گا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...