یونیک کالج فار بوائز نیو مسلم ٹاؤن میں سال دوئم کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

یونیک کالج فار بوائز نیو مسلم ٹاؤن میں سال دوئم کے طلبہ کے اعزاز میں تقریب

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) یونیک کالج فار بوائز نیو مسلم ٹاؤن وحدت روڈ میں سال دوئم کے طلبہ کے اعزاز میں الوداعی تقریب کا انعقاد ایک مقامی ہوٹل میں کیا گیا جس کے مہمان خصوصی آئی سی سی ایمپائر علیم ڈار ، معروف تجزیہ کار ، کالم نگار ، ادیب اور سابق بیروکریٹ اوریا مقبول جان اور پرنسپل گورنمنٹ سائنس کالج وحد ت روڈ اعزاز احمد خان تھے۔ اس موقع پرطلبہ نے مختلف نغمے، خاکے اور پرفارمنسز پیش کیں جن کو ناظرین نے سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اوریا مقبول جان نے کہا ہے کہ جو قومیں اپنے تعلیمی نظام کو اپنی زبان میں ہی فروغ دینے کے لئے کوشاں رہتی ہیں ایسی قوموں کا تعلیمی نظام مضبوط اور با اثر ہوتا ہے ۔ ہمیں دیگر ممالک کے تعلیمی نظام کو اپنانے کے بجائے اپنے نظام تعلیم کو مضبوط کرنا ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مستقبل کو مضبوط بنانے کے لئے ہمیں اپنے تعلیمی نظام کو اپنی ثقافت اور روایات کے مطابق ڈھالنا ہوگا ۔

انہوں نے مزید کہا کہ کامیاب معاشرے دیگر معاشروں کے نظام کو اپنانے کے بجائے اپنے نظام کو مضبوط بناتے ہیں ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے آئی سی سی کے صف اول کے ایمپائر اور سماجی شخصیت علیم ڈار نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہماری پہچان پاکستان سے ہے اور ہمیں اپنے ملک کی بقاء کے لئے ہر سطح پر اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئیریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر امجد علی خان نے کہا کہ تعلیمی اداروں میں نہ صرف طلباء کی تعلیمی حوالے سے تربیت ضروری ہے بلکہ سماجی لحاظ سے بھی طلبہ کی کردار سازی کا عمل احسن طریقے سے پورا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ جو تعلیمی ادارے طلبہ کی کردار سازی پر توجہ دیتے ہیں ایسے ادارے تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ سماجی سطح پر بھی اپنی ذمہ داری احسن انداز سے نبھا رہے ہیں۔ اس موقع پر اساتذہ اور طالبات کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے اختتام پر علیم ڈار اور اوریا مقبول جان نے سال بھر میں بہترین کارکردگی دکھانے والے طلباء میں ایوارڈز تقسیم کئے۔

مزید : میٹروپولیٹن 4

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...