سیاسی مخالفین نے گالی کی سیاست کو فروغ دیا ، ہم نے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی : شہباز شریف

سیاسی مخالفین نے گالی کی سیاست کو فروغ دیا ، ہم نے عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح ...

لاہور(جنرل رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، عوام کی فلاح و بہبود کیلئے ترقیاتی منصوبوں اور سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دی ہے جبکہ ہمارے سیاسی مخالفین نے کارکردگی کی بجائے گالی کی سیاست کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جتنے منصوبے مکمل کئے گئے ہیں وہ پاکستان کی تاریخ میں ایک نیا ریکارڈ ہے۔مخالفین نے جھوٹ بولنے کے ریکارڈ بنائے جبکہ ہم نے ترقیاتی کاموں کے ریکارڈ قائم کئے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے ترقیاتی منصوبے شفافیت، معیار اور رفتار سے عبارت ہیں اور عوام پاکستان مسلم لیگ (ن) کی خدمت کی سیاست کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ترقیاتی منصوبوں کی مخالفت دراصل عوام دشمنی ہے۔ دھرنوں کے ذریعے ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر کا باعث بننے والوں کو عوام سے کوئی سروکار نہیں۔انہوں نے کہاکہ ان عناصر نے منفی سیاست کے ذریعے عوام کی مشکلات بڑھائی ہیں۔عوام کے فلاحی منصوبوں کی مخالفت کرنیوالوں کو اس کی قیمت چکانا ہوگی۔انہوں نے کہا کہ انتخابات میں ان عناصر کو عوامی غیض و غضب کا سامنا کرنا پڑے گا۔ہر ضمنی انتخابات کی طرح عام انتخابات میں بھی عوام انہیں مسترد کر دیں گے۔دریں اثناء شہبازشریف نے لاہور سے ویڈیو لنک کے ذریعے بہاولپور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ بدقسمتی سے موسم کی خرابی کے باعث میرا جہاز آج بہاولپورلینڈ نہیں کرسکا۔میر ے بار بار اصرار کے باوجود پائلٹس نے کہا کہ ہم اس موسم میں بہاولپور نہیں جاسکتے۔آج میں نے آپ کے پاس آنا تھا اوراہم باتیں کرنی تھیں، کچھ مشورے آپ سے لینے تھے اور کچھ مشورے آپ کو دینے تھے ۔ موسم کی خرابی کے باعث یہ ممکن نہ سکا جس پر میں معذرت خواہ ہوں۔انشاء اللہ جلد آپ سے بالمشافہ ملاقات کروں گا اورتفصیلاً گفتگو ہوگی اوراس مقصد کیلئے میں بہت جلدبہاولپور آؤں گااورپارٹی عہدیداروں اورکارکنوں سے ملاقات کروں گا۔بہاولپور صوبے کی بحالی کے حوالے سے بھی آپ سے مشاورت ہوگی۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں بہاولپور کے پارٹی عہدیداروں اورکارکنوں کا بے حد شکرگزار ہوں جنہوں نے آج شاندار ورکرز کنونشن کا انعقاد کیا۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر ،ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں میں جنوبی پنجاب کوہمیشہ ترجیح دی ہے ۔بہاولپورخطہ کے لوگوں نے پاکستان مسلم لیگ(ن) کو اپنے بھر پوراعتماد سے نوازا ہے اور یہاں کے عوام کی پارٹی سے بھر پور محبت اورچاہت بے مثال ہے۔یہ محبت اورچاہت یکطرفہ نہیں پاکستان مسلم لیگ(ن) کی قیادت بھی بہاولپور کے عوام سے محبت کرتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے گزشتہ 9سال کے قلیل عرصے میں بہاولپور میں 70ارب سے زائد کی خطیررقم ضلع کی تعمیرو ترقی پر صرف کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ5سال میں تقریباً50ارب روپے ضلع بہاولپور کی تعمیرو ترقی کیلئے یہاں کے عوام کے قدموں پر نچھاورکیے ہیں ۔وزیراعلیٰ کے خطاب کے دوران کارکن ’’شہبازشریف زندہ باد‘‘ کے نعرے لگاتے رہے۔بہاول پورمسلم لیگ (ن) ورکرز کنونشن میں سینیٹر سعود مجید، وفاقی وزیر تعلیم انجینئر بلیغ الرحمن، صوبائی وزیر امداد باہمی ملک اقبال چنڑ، صوبائی وزیر انڈسٹریز چوہدری محمد شفیق، صوبائی وزیر زراعت چوہدری محمد نعیم بھابھہ، اراکین پارلیمنٹ علی حسن گیلانی، قاضی عدنان فرید، خالد محمود وارن، بیگم پروین مسعود بھٹی، فوزیہ ایوب قریشی، حسینہ ناز، شعیب اویسی، افضل گل، خالد محمود ججہ، عبدالعلیم شاہ سمیت جنوبی پنجاب مسلم لیگ (ن) کے عہدے داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس کے علاوہ شہبازشریف کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا ،جس میں صوبے میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔اجلاس میں سکیورٹی کے حوالے سے کیے گئے ا نتظامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو اس ضمن میں ضروری ہدایات جاری کیں ۔وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کو مزید فول پروف بنایا جائے اوراعلی حکام ازخودسکیورٹی انتظامات کاباقاعدگی سے جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی معاملات میں کسی بھی قسم کا تساہل قابل برداشت نہیں اورمتعلقہ ادارے اس ضمن میں اپنے فرائض تندہی سے سرانجام دیں۔اجلاس میں مشیر رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری،ایڈیشنل چیف سیکرٹری،انسپکٹر جنرل پولیس اورمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید : صفحہ اول