تیز ترین معاشی سرگرمیوں کے باعث پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے : چینی سفیر

تیز ترین معاشی سرگرمیوں کے باعث پاکستانی روپے کی قدر مستحکم ہو رہی ہے : چینی ...

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان میں تعینات چین کے سفیر یاؤچنگ نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کی ادارہ جاتی اصلاحات کے باعث پاکستان کی معاشی شرح نمو میں اضافہ ہوا ہے، تیز ترین معاشی سر گرمیوں کے باعث پاکستانی روپے کی قدرمستحکم ہورہی ہے جبکہ دنیا بھر کے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کے خواہش مند ہیں، چین پاک اقتصادی راہداری (سی پیک)سے تعمیر و ترقی پاکستان ترجیحی ایجنڈہ بن چکی ہے۔ پیر کو پاکستان سرمایہ کاری کی جنت کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ وزیراعظم شاہدخاقان عباسی نے چین میں منعقد ہونے والے باؤ فورم میں شرکت کر کے پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے بہترین منزل کے طور پر اجاگر کیا،چین کی یہ کاوش ہے کہ پاکستان تعمیر و ترقی کے طور پر دنیا بھر میں جانا جائے،سی پیک پاکستان کو سرمایہ کاری کیلئے جنت بنا رہا ہے،سی پیک کے تحت پہلے مرحلے میں بنیادی ڈھانچے کی تعمیر نو ،توانائی، تعمیر و ترقی اور خصوصی اقتصادی زونز پر کام کیا جا رہا ہے،پہلے مرحلے کے تحت 40منصوبے منتخب کئے گئے جن میں سے 8منصوبے مکمل کئے جا چکے ہیں جبکہ 22منصوبوں پر ابھی کام جاری ہے،کسی بھی ملک کے بہترین بنیادی ڈھانچے غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے پرکشش حیثیت رکھتے ہیں، پاکستان کی آبادی ملک کیلئے ایک مثبت اعشاریہ ہے اور چین کی بھی یہ کاوش ہے کہ پاکستان کے نوجوان طبقے کیلئے سی پیک کے تحت بہترین سے بہترین مواقعے پیدا کئے جائیں اور خصوصی اقتصادی زونز کیلئے استعداد کار میں اضافہ کیا جائے،خصوصی اقتصادی زونز چینی اور پاکستانی نجی شعبے کے مابین شراکت داری سے قائم کئے جائیں گے، جس کیلئے بنیادی اصول طے کئے جانا ضروری ہیں، ہمیں پاکستان میں ایسی صنعتیں قائم کرنے کی ضرورت ہے جن کے ذریعے برآمدات کو فروغ دیا جا سکے، چین کی جانب سے پاکستانیوں کیلئے ہر سال 300سے زائد تربیتی پروگرامز پیش کئے جاتے ہیں ۔

چینی سفیر

مزید : علاقائی