لاطینی امریکہ،باغیوں کے ہاتھوں خاتون صحافی سمیت 4افراد قتل

لاطینی امریکہ،باغیوں کے ہاتھوں خاتون صحافی سمیت 4افراد قتل

بگوٹا،سان سلواڈور(آئی این پی)کولمبیا کے صدر ہوان مانویل سانتوس نے کہا ہے کہ ایکواڈور کے دو صحافیوں اور ان کے ڈرائیورکو مسلح گروہ نے اغوا کے بعدقتل کر دیاہے ۔ صدر سانتوس نے سی این این سے بات چیت کرتے ہوئے افسوس کیساتھ کہا کہ کولمبیا کے سابق انقلابی مسلح گروہ FARCکے حکومت کیساتھ امن معاہدے کو قبول نہ کرنے والے ایک علیحدگی پسند مسلح گروہ کی یہ کارستانی لگتی ہے ۔دوسری طرف لاطینی امریکی ملک السلواڈور میں ایک خاتون صحافی مردہ حالت میں پائی گئی ۔ حکام کا کہنا ہے کہ لا پرنسا گرافیکا نامی گروپ کے ال اکونومستا نامی جریدے سے منسلک کارلا لیسیتھ ترکوائز کی لاش ان کے گھر سے اغوا کیے جانے کے بعد سان سلواڈور کے شمال مشرق میں واقع ایک شاہراہ کے کنارے سے ملی ۔بتایا گیا ہے کہ کارلا گزشتہ ہفتے کے روز سے لا پتہ تھیں جن کی گمشدگی کے بارے میں ان کے شوہر نے پولیس میں رپورٹ درج کرا رکھی تھی ۔رومن کیتھولیک بشپ ہوزے لوئس ایسکوبار نے اس قتل کی واردات کو عوام کیخلاف ایک حملہ قرار دیا ہے۔

صحافی قتل

مزید : علاقائی