وزیراعظم دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے
اسلام آباد (آئی این پی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، یہ اجلاس 18سے 20اپریل تک لندن میں ہو گا۔ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس دوران ملکہ الزبتھ، پرنس آف ویلز اور برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ پیر کوترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی دولت مشترکہ سربراہ اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی کریں گے، یہ سربراہ اجلاس 18سے 20اپریل تک لندن میں ہو گا، رواں سال دولت مشترکہ سربراہ اجلاس کا موضوع مشترکہ مستقبل ہے۔ اجلاس میں شرکت پاکستان میں دستیاب مواقع اجاگر کرنے اور پاکستان کو ابھرتی ہوئی منڈی کے طور پر سامنے لانے میں مددگار ہو گی۔ سربراہ اجلاس دولت مشترکہ سربراہان کو باہمی تعاون کا موقع فراہم کرے گا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اس دوران ملکہ الزبتھ، پرنس آف ویلز اور برطانوی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔ پاکستان دولت مشترکہ کے بانی ارکان میں سے ایک ہے، دولت مشترکہ کے موجودہ ارکان کی تعداد 53ہے، دولت مشترکہ ممالک 2ارب 20کروڑسے زائد آبادی پر مشتمل ہیں، دولت مشترکہ کے رکن ممالک دنیا کے 6براعظموں میں واقع ہیں، یہ ممالک دنیا کے کل رقبے کے ایک چوتھائی حصے پر واقع ہیں۔
دولت مشترکہ سربراہ اجلاس