پاکستان کی معاشی ترقی میں امریکہ کا تاریخی کردار ، اعزاز چودھری ، شراکت داری قائم رہے گی : امریکہ

پاکستان کی معاشی ترقی میں امریکہ کا تاریخی کردار ، اعزاز چودھری ، شراکت داری ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


واشنگٹن(آئی این پی) امریکہ کے سٹیٹ ڈپارٹمنٹ کی نمائندہ مارتھا پیٹرسن نے پاکستانیوں کو اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ امریکا اور پاکستان 70 برس سے زائد شراکت دار رہے ہیں اور یہ شراکت داری جاری رہے گی۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق پاکستانی سفارتخانے میں دو روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مارتھا پیٹرسن کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک کے درمیان اس تاریخی شراکت داری کو طویل مدت تک قائم رکھنا دونوں ممالک کے لیے اہم تھا۔انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان شراکت داری میں سب سے زیادہ اضافہ گزشتہ برس ہوا جبکہ امریکا اور پاکستان کے درمیان 2017 میں 6 ارب 40 کروڑ ڈالر کی تجارت ہوئی۔مارتھا پیٹرسن کے بیان پر پاکستانی سفیر اعزاز احمد چوہدری نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان کی سماجی اور معاشی ترقی میں امریکا نے تاریخی خدمات انجام دی ہیں اور اسلام آباد ان تعلقات کو برقرار رکھنے کے لیے واشنگٹن کے ساتھ تعاون کرنا چاہتا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکن کمیونٹی، دونوں ممالک کے لوگوں کے درمیان مضبوط تعلقات قائم کرنے کے لیے پہلے ہی اہم کردار ادا کر رہی ہے اور امید ہے کہ پاکستانی نژاد امریکی نوجوان مختلف شعبوں میں بہتر خدمات سرانجام دے کر امریکی معاشرے میں ایک مثبت کردار ادا کریں گے۔ان کا کہنا تھا کہ باشعور طبقہ امریکا اور پاکستان کے درمیان باہمی تعاون اور اعتماد کا رشتہ قائم کرنے کے لیے ایک کلیدی کردار رکھتا ہے۔
اعزاز چودھری ،امریکہ

مزید :

علاقائی -