دربار حافظ جمال پر تدفین کا معاملہ ‘4افراد کیخلاف مقدمہ
ملتان (سٹی رپورٹر)درگاہ حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی ؒ پر محکمہ اوقاف سے جگہ خرید کئے بنا تدفین کا معاملہ، محکمہ اوقاف نے 4 نامزد افراد کے خلاف تھانہ دولت گیٹ میں ایف آئی آر (بقیہ نمبر52صفحہ12پر )
درج کرا دی۔ ڈسٹرکٹ منیجر اوقاف خالد محمود کی جانب سے درج کرائی جانے والی ایف آئی آر میں کہا گیا ہے کہ درگاہ حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی ؒ محکمہ اوقاف کے زیر انتظام ہے، سرکاری زمین پر منع کرنے کے باوجود محمد شاہد ولد مخدوم ریاض، محمد جمال ولد غلام عباس، مرید حسین ولد مخدوم حسن بخش، غلام علی ولد گل محمد نے قبر کے لئے کھدائی کی۔ منع کرنے پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے لگ گئے۔ دریں اثناء ایف آئی آر کے اندراج کے بعد پولیس تھانہ دولت گیٹ نے کاروائی کا آغاز کر دیا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ اتوار کو درگاہ حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی ؒ پر درگاہ کی سجادہ نشینی کے دعویداروں کی جانب سے میت کی تدفین کی گئی تھی۔ محکمہ اوقاف کے مطابق درگاہ حضرت حافظ جمال اللہ ملتانی ؒ کی وقف اراضی محکمہ کی ملکیتی ہے جہاں تدفین کے لئے باقاعدہ محکمہ سے جگہ خریدنا پڑتی ہے، چونکہ جگہ کی خریداری نہیں کی گئی اس لئے یہ تدفین غیر قانونی ہے۔