تمام انتخابی وعدے بتدریج پورے کئے جا رہے ہیں:ڈاکٹر امجد علی
بریکوٹ(نمائندہ پاکستان )وزیر اعلیٰ خیبر پختون خواکے معاؤن خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجدعلی نے کہاہے کہ ہماری حکومت نے تعلیم و صحت میں تبدیلی کے جو وعدے اور دعوے کئے تھے اللہ تعالیٰ کے فضل وکرم سے بتدریج پورے ہورہے ہیں ۔صوبے میں 36ہزار نئے اساتذہ کرام کی تعینانی عمل میں لائی گئی ہے جبکہ مزید 15ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے بھرتی کا عمل جاری ہے اسی طرح صوبے کے عوام کو بہترین صحت کی سہولیات بہم پہنچانے کے لئے 19ہزار ڈاکٹرز بھرتی کئے گئے ہیں اور ہسپتالوں کو جدید سہولیات سے بھی آراستہ کیا ہے انشاء اللہ صوبائی حکومت بہترین کارکردگی کی بناء پر عوام دوبارہ پی ٹی آئی کو برسراقتدار لائے گی ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گاؤں نجیگرام میں جلسہ عام سے خطاب کے دوران کیا ۔اس موقع پر افضل شاہ باچہ ،ناظم فضل ودود باچہ ،پی ٹی آئی کے انفارمیشن سکرٹری اسد خان ،نائب ناظم واجد خان شلمانی ،ظاہر شاہ باچہ کے علاوہ دیگر نے بھی تقاریر کئے ۔ڈاکٹر امجد علی نے کہاکہ اس وقت ملک میں کرپشن اور اقراباء پروری عروج پر پہنچ گیا ہے ۔ملک کو ہر طرف سے لوٹا جارہا ہے بدترین پالیسیوں کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت آسمان سے باتیں کر رہا ہے جس کی وجہ سے مہنگائی میں اضافہ ہوگا ۔اس وقت عوام کے پاس آخر ی امید عمران خان ہیں اس وقت پاکستان میں واحد لیڈر عمران خان ہیں جو کہ ملک کو بحرانوں سے نکال کر ترقی کی راہ پر گامزن کرسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ہم دعویٰ سے کہہ سکتے ہیں کہ ہم نے بھرتیوں اور ترقیاتی کاموں میں کوئی ایزی لوڈ نہیں لیا ہے آج بھی عوام کے درمیان ہو کر سرخرو ہیں اگر کسی نے ایک پائی کرپشن ثابت کردی تو سیاست چھوڑ دوں گا۔مزید انہوں نے کہاکہ عام انتخابات میں عوام کو دھوکہ دینے کے لئے متحد ہورہے ہیں اگر ملک کی تمام پارٹیاں پی ٹی آئی کے خلاف متحد بھی ہوجائیں پی ٹی آئی کا مقابلہ نہیں کرسکتی ۔