طیبہ تشدد کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ آج فیصلہ سنائے گی

طیبہ تشدد کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ آج فیصلہ سنائے گی
طیبہ تشدد کیس، اسلام آباد ہائی کورٹ آج فیصلہ سنائے گی

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے کیس کا فیصلہ آج سنایا جائے گا، فیصلہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے جج جسٹس عامر فاروق سنائیں گے۔ دسمبر 2016 میں کمسن گھریلو ملازمہ کو ایک سیشن جج کے گھر پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا ، غریب والدین سے راضی نامہ سامنے آنے پر چیف جسٹس نے معاملے کا ازخود نوٹس لیا تھا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ آج (منگل کو) کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کے کیس کا فیصلہ آج سنائے گی ، عدالت نے27 مارچ کو حتمی دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ ہائی کورٹ نے ملزم سابق سیشن جج راجا خرم علی خان اور ان کی اہلیہ ماہین ظفر کو بھی طلب کررکھا ہے۔

کمسن گھریلو ملازمہ طیبہ پر تشدد کا واقعہ 27 دسمبر 2016 کو پیش آیا ، سوشل میڈیا پر تصویریں وائرل ہونے کے بعد پولیس حرکت میں آئی اور 29 دسمبر 2016 کو طیبہ کو تحویل میں لیا گیا۔ تشدد کے واقعے میں ملوث دونوں ملزمان کے خلاف تھانہ آئی نائن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جبکہ 3 جنوری 2017 کو طیبہ کے والدین نے راجا خرم اور ان کی اہلیہ کو معاف کردیا تھا تاہم راضی نامہ سامنے آنے پر چیف جسٹس ثاقب نثار نے معاملے کا از خود نوٹس لیا تھا۔

سپریم کورٹ کے حکم پر پولیس نے 8 جنوری 2017 کو طیبہ کو بازیاب کراکے پیش کیا تھا جبکہ عدالتی حکم پر 12جنوری 2017 کو راجا خرم علی خان کو بطور جج کام سے روک دیا گیا تھا۔اس کے بعد چیف جسٹس آف پاکستان نے مقدمے کا ٹرائل اسلام آباد ہائیکورٹ کو بھجوادیا تھا جہاں 16 مئی 2017 کو ملزمان پر فرد جرم عائد کی گئی تھی۔اس مقدمے میں مجموعی طور پر 19 گواہان کے بیانات قلمبند کیے گئے جن میں 11 سرکاری جبکہ طیبہ کے والدین سمیت 8 غیر سرکاری افرادشامل تھے۔

مزید : اہم خبریں /جرم و انصاف /علاقائی /اسلام آباد

لائیو ٹی وی نشریات دیکھنے کے لیے ویب سائٹ پر ”لائیو ٹی وی “ کے آپشن یا یہاں کلک کریں۔


loading...