وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،بجٹ سٹریٹجی برائے مالی سال 2018-19 تا 2020-21منظور

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،بجٹ سٹریٹجی ...
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس،بجٹ سٹریٹجی برائے مالی سال 2018-19 تا 2020-21منظور

  

اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مالی سال 2018-19 سے 2020-21کے لئے میزانیاتی حکمت عملی دستاویز کی منظوری دے دی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں خزانہ ڈویژن نے بجٹ سٹریٹجی پیپر برائے مالی سال 2018-19تا 2020-21پیش کیا اور مالی سال 2017-18کے اقتصادی اشاریوں کے بارے میں کابینہ کو آگاہ کیا۔ سیکریٹری خزانہ نے آگاہ کیا کہ بجٹ حکمت عملی مالی سال 2018-19تا 2020-21چار وسیع البنیاد اہداف پر مبنی ہے جن میں پائیدار نمو، مالیاتی استحکام کو یقینی بنانا، ادائیگیوں کے توازن کا انتظام کرنا اور قرضوں کو برداشت کرنے کو یقینی بنانا شامل ہے۔ یہ بھی بتایا گیا کہ حال ہی میں اعلان کردہ اقتصادی اصلاحات پیکیج میں ٹیکسوں کی شرح میں کمی، ٹیکس بنیاد کو وسعت دینا، رئیل اسٹیٹ اصلاحات، مقامی ایمنسٹی اور بیرونی مبادلہ نظام کو سخت کرنا شامل ہے جس سے محصولات میں اضافہ ہوگا اور خسارے میں کمی میں مدد ملے گی۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ قرضوں کے حصول کی بجائے پائیدار آمدن اور محصولات سے ملک کو فائدہ ہوگا۔ بجٹ حکمت عملی دستاویز پر کابینہ نے تفصیل سے غور و خوض کیا جبکہ کئی کابینہ ارکان نے آئندہ بجٹ تجاویز کے لئے کئی مفید تجاویز پیش کیں۔ کابینہ نے بجٹ سٹریٹجی برائے مالی سال 2018-19 تا 2020-21منظور کرلی۔

مزید : اہم خبریں /قومی /علاقائی /اسلام آباد