پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے چین کی حمایت ضروری ،وزیرخزانہ
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)وزیر خزانہ اسد عمر نے کہا ہے کہ چین ایک قابل اعتماد دوست ہے اور پاکستان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کیلئے اس کی حمایت ضروری ہے۔انہوں نے منگل کے روز اسلام آباد میں چین کے سفیر یاجنگ کے ساتھ ملاقات میں انہیں غیرملکی سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول کے قیام کیلئے حکومت کی طرف سے کئے گئے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ چینی تاجر اور سرمایہ کار مختلف شعبوں خصوصا زراعت، ہاسنگ، صحت، تعلیم اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے اس ماحول سے استفادہ کر سکتے ہیں۔ملاقات میں چین پاکستان اقتصادی راہداری کے تحت جاری منصوبوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔یا جنگ نے ان منصوبوں کی بروقت تکمیل کے حوالے سے اپنے ملک کے عزم کا اعادہ کیا۔وزیراعظم عمران خان کے وژن کو سراہتے ہوئے چینی سفیر نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی پالیسیوں کے باعث چینی تاجروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔ملاقات میں وزیراعظم عمران خان کے آئندہ دورہ چین کا بھی جائزہ لیا گیا۔دونوں فریقوں نے دوطرفہ اہمیت کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے اور وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا۔
وزیرخزانہ