حمزپ شہبا ز کا نیب کی طرف سے گھر پر چھاپہ مارنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج
لاہور(نامہ نگارخصوصی)پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز شریف نے نیب کی جانب سے گھر پر چھاپہ مارنے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا۔اس سلسلے میں حمزہ شہباز نے اپنی درخواست میں ڈی جی نیب سلیم شہزاد اور ڈائریکٹر نیب کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی کی استدعا کی ہے ۔ حمزہ شہباز شریف نے ایڈووکیٹ اعظم نذیر تارڑ اور امجد پرویز کی وساطت سے درخواست دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیاہے کہ 20نومبر 2018ء کو عدالت عالیہ کے دورکنی بنچ نے نیب کو گرفتاری سے 10روز قبل حمزہ شہبازشریف کوآگاہ کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن نیب نے عدالتی احکامات کی تعمیل نہیں کی ۔نیب نے 5اور 6اپریل کو رخواست گزار کی گرفتاری کے لئے ان کے گھر چھاپہ مارااورگھر پر موجود خواتین کو ہراساں کیا ،حمزہ شہباز نے درخواست میں یہ نکتہ بھی اٹھایا کہ نیب نے خود لاہور ہائیکورٹ میں بیان دیا تھا کہ حمزہ شہباز تفتیش میں تعاون کررہے ہیں ،ان کی گرفتاری کی ضرورت نہیں ، اس کے باوجود نیب نے گرفتاری کی کارروائی کاڈرامہ کیوں رچایا ؟نیب انتقامی کاروائیاں کررہا ہے، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالتی حکم کی تعمیل نہ کرنے پر ڈی جی نیب سلیم شہزاد اور ڈائریکٹر نیب کے خلاف توہین عدالت کی کاروائی عمل میں لائی جائے۔
اقدام چیلنج