پی ٹی آئی کے شیر علی پارلیمانی کمیٹی سی پیک کے بلا مقابلہ چیئرمین منتخب
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب بلامقابلہ پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین منتخب ہوگئے، اجلاس کے دوران مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ اس حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے ہمیں شدید تحفظات ہیں ،چین ہمارا دوست ملک ہے جو ہر مشکل وقت میں کام آیا ہے،اگر سینیٹ نے اپنی کمیٹی بنائی ہے تو ہمیں دوبارہ تحریک پیش کرنی پڑے گی،یہ پارلیمانی کمیٹی ہی ہونی چا ہئے اگر اس پر تقسیم ہوگئے تو کیا پیغام جائے گا ؟۔منگل کو پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کا اجلاس ہوا ،جس میں چیئرمین کمیٹی کا انتخاب کیا گیا،رکن کمیٹی مہناز اکبر عزیز نے چیئرمین کے لیئے شیر علی ارباب کا نام تجویز کیا جس کی رکن کمیٹی محمد اسلم بھوتانی اور زاہد اکرم درانی نے تائید کی ،شیر علی ارباب کو متفقہ طور پر چیئرمین کمیٹی منتخب کر لیا گیا۔رکن کمیٹی محمد اسلم بھوتانی نے کہا کہ گوادر نہ ہوتا تو سی پیک نہ ہوتا ،سی پیک گوادر کی وجہ سے ہے ،ترقی کے ثمرات ہمیں نہیں مل رہے، ہمیں گوادر کے لوگوں کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے ،رکن کمیٹی مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ اس حکومت کی پالیسیوں کے حوالے سے ہمیں شدید تحفظات ہیں ،چین ہمارا دوست ملک ہے ،9 ماہ میں نئے دوست ڈھونڈنے کی کوشش کی گئی ۔ اس موقع پر سپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی قمر سہیل لودھی نے کہا ہم نے دو تین مرتبہ سینیٹ کو خط لکھا کہ پارلیمانی کمیٹی کیلئے سات سینیٹروں کے نام دیئے جائیں لیکن ہمیں نام موصول نہیں ہوئے ،رکن کمیٹی مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ اگر سینیٹ نے اپنی کمیٹی بنائی ہے تو ہمیں دوبارہ تحریک پیش کرنی پڑے گی۔
بلا مقابلہ