اسرائیل نے تاریخی مسجد الا حمر میں شراب خانہ کھول دیا : مسجد اقصیٰ میں بھی آتشزدگی متعد د حصوں کو نقصان پہنچا

اسرائیل نے تاریخی مسجد الا حمر میں شراب خانہ کھول دیا : مسجد اقصیٰ میں بھی ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

تل ابیب(این این آئی ) اسرائیلی حکام نے مقبوضہ فلسطین کے علاقے میں قائم تاریخی مسجد کو شراب خانے میں تبدیل کردیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق ایک مقامی مسلمان عہدیدار نے بتایا کہ شمالی فلسطین کے علاقے صفد کی مقامی انتظامیہ نے 13 ویں صدی میں تعمیر کی جانے والی الاحمر (سرخ) مسجد کو شراب خانے اور شادی ہال میں بدل دیا۔اس بارے میں گفتگو کرتے ہوئے فلسطینی اسلامی وقف کے سیکریٹری خیر طباری نے بتایا کہ جب میں نے مسجد کے اندر ہونے والی تخریب کاری دیکھی تو مجھے شدید صدمہ ہوا، وہاں منبر پر موجود قرآنی ایات کی خطاطی کو عبرانی میں 10 احکامات سے تبدیل کردیا گیا تھا۔صفد کے علاقے میں موجود کئی مساجد کی یہی کہانی ہے، 1319 میں بنائی گئی ایک یونانی مسجد کو بھی آرٹ گیلری میں تبدیل کر کے یہاں عبادت کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔رپورٹ کے مطابق خیر طباری نے کئی سال پہلے ناصرہ کی ایک عدالت میں مقدمہ دائر کیا تھا جس میں اس مسجد کو اسلامی وقف کے حوالے کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔لیکن عدالت کی جانب سے ابھی تک اس مقدمے پر فیصلہ نہیں دیا گیا۔خیر طباری نے بتایا کہ انہوں نے اپنی درخواست کے ساتھ اس مسجد کی ملکیت کی اصل دستاویزات اور یہاں فراہم کی جانے والی خدمات کے معاوضوں کی فہرست بھی جمع کروائی تھی۔اور اب مذکورہ مقام کا نام تبدیل کر کے ’خان الاحمر‘رکھ دیا گیا تا کہ بطور مسجد اس کی حرمت کی طرف سے توجہ ہٹائی جاسکے۔اس سے قبل 1948 میں اسرائیلی ریاست کے قیام کے بعد متعدد مرتبہ اس مسجد کی بے حرمتی کی جاچکی ہے اور ابتدا میں اسے یہودی عبادت گاہ اور یہودی اسکول میں تبدیل کیا گیا تھا۔بعدازاں 2006 میں کپڑوں کے گودام میں تبدیل کرنے سے پہلے اسے اسرائیلی سیاسی جماعت کادیما کے الیکشن آفس کی شکل دے دی گئی تھی۔اس بارے میں صفد کے رہائشی اور تاریخ دان مصطفیٰ عباس نے بتایا کہ الاحمر مسجد کا نام اس میں استعمال ہونے والی سرخ اینٹوں کی وجہ سے رکھا گیا تھا۔انہوں نے بتایا کہ اس مقام پر آنے والے مسلمانوں کو یہودی آبادکاروں کی جانب سے حملے کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ مسجد تاریخی اور ثقافتی اعتبار سے خاصی اہمیت کی حامل ہے کیوں کہ اسے 1223۔1277 عیسوی میں مملوک سلطان الداہر نے تعمیر کروایا تھا۔مسجد کے داخلی مقام پر نصب کتبہ 1276 عیسوی میں مسجد کی تعمیر کا پتہ دیتا ہے۔ دوسری طرف مسجد اقصی کے ایک حصے المصلی المروانی میں گزشتہ روز اچانک آگ بھڑک اٹھی جس پر فائر بریگیڈ نے 2 گھنٹے میں قابو پالیا۔حادثے میں کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا تاہم عمارت کے کچھ حصے کو نقصان پہنچا ہے۔ عمارت کے اس حصے کو آمد و رفت کے لیے بند کردیا گیا ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین نہیں کیا جا سکا ہے۔۔ مصلی مروانی مسلم عبادت گاہ ہے جسے سلومنز سٹیبل بھی کہا جاتا ہے اور جو زیر زمین حرم قدسی کے نیچے جانے والی سیڑھیوں پر واقع ہے۔ آتشزدگی کی اطلاع ملتے ہی لوگوں کی بڑی تعداد مسجد اقصی پہنچ گئی تھی۔

مزید :

علاقائی -