شہرقائد میں حکومت کے تعاون سے چلنے والی بسیں بند : مزید نقصان برداشت نہیں کرسکتے ، انتظامیہ

شہرقائد میں حکومت کے تعاون سے چلنے والی بسیں بند : مزید نقصان برداشت نہیں ...

کراچی (این این آئی) شہر قائد میں حکومت سندھ کے تعاون سے چلنے والی بس سروس ایک سال بعد ہی بند ہو گئی۔کراچی کے شہریوں کے لیے ایک اور بری خبر آ گئی۔10سال بعد سندھ حکومت کے تعاون سے چلائی گئی ڈائیو بس سروس جلد ہی بند ہو گئی۔سندھ حکومت نے گزشتہ سال 2018میں قائد آباد سے ٹاور تک 10ائر کنڈیشنڈ (اے سی) بسیں چلائی تھیں۔ گزشتہ سال 15اپریل کو سندھ حکومت نے بڑے اعلانات کے ساتھ بس سروس کا آغاز کیا تھا۔بس سروس انتظامیہ نے بتایا کہ ہر ماہ ساڑھے 3سے 4لاکھ روپے کا نقصان برداشت کر رہے تھے۔انچارج سٹی بس سروس ریحان اللہ نے کہا کہ ڈیزل کے پیسے بڑھنے کے باوجود ہمارے کرائے نہیں بڑھائے گئے۔سندھ حکومت نے ہمارے ساتھ کیے گئے معاہدے میں بھی توسیع نہیں کی۔شہر قائد میں 40کلومیٹر کے فاصلے پر روزانہ سروس مسافروں کو دی جاتی تھی جب کہ سٹاف سے لے کر تمام تر خرچے کی ذمہ داری ڈائیو پر تھی۔جبکہ بس کا کرایہ 20، 30اور 40روپے مقرر کیا گیا تھا۔ بس سروس صبح 7 بجے تک رات 10بجے تک چلائی جا رہی تھی۔

سندھ حکومت کی جانب سے مزید بسیں بھی جلد چلانے کا اعلان کیا گیا تھا تاہم مزید بسیں تو نہ چل سکیں لیکن جو 10بسیں چلائی گئی تھیں وہ بھی بند کر دی گئیں۔ شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

بسیں بند

مزید : علاقائی