واساانتظامیہ کا حملہ کرنیوالی یونین سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان

واساانتظامیہ کا حملہ کرنیوالی یونین سے مذاکرات نہ کرنے کا اعلان

  

لاہور( جنرل رپورٹر)واسا انتظامیہ اوریونین کھل کر ایک دوسرے کے سامنے آگئے ہیں واسا کے ایم ڈی زاہد عزیز سید نے اعلان کیا ہے کہ نہ ہی واسا کو فروخت کیا جائے گا اور نہ ہی احتجاج کرنے والی اور ہیڈ آفس پر حملہ کرنے والی یونین اور اس کے نمائندوں سے کسی قسم کے مذاکرات کئے جائیں گے ان سے نہ ڈیل ہوگی اور نہ ہی انہیں ڈھیل دی جائے گی وی گزشتہ روز وائس چیئرمین شیخ امتیاز محمود کے ہمراہ پریس کانفرنس کررہے تھے ۔اس موقع پرایم ڈی زاید عزیز سید کا کہنا تھا کہ ادارے کی جانب سے کسی قسم کی کوئی لچک نہیں دکھائی جائے گی۔ کرپٹ عناصر کے خلاف کاروائی جاری رہے گی اور ان عناصر سے کسی بھی قسم کے مذاکرات نہیں کیے جائیں گے۔ کرپشن اور بے ضابطگیوں میں ملوث جن اہلکاروں کو شوکاز نوٹس جاری ہوئے ہیں وہ کسی بھی صورت واپس نہیں لیے جائیں گے بلکہ مزید ایسے ملازمین جو محکمہ کو مجرمانہ طور پر نقصان پہنچارہے ہیں اْن کو بھی شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ جن افراد پر پرچہ درج ہوا ہے انکے خلاف پولیس انکوائری کر رہی ہے۔محکمہ کے ریونیو بڑھانے کیلئے ٹھوس اقدامات کیے جارہے ہیں۔اس موقع پر ایم ڈی واسا سید زاہد عزیز کا کہنا تھا کہ واسا کو پرائیویٹ کرنے کی خبریں بے بنیاد ہیں۔ واسا کو پرائیویٹ کرنے کی کوئی سمری نہیں بھیجی گئی اور نہ ہی کوئی سمری زیر غور ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ لاہور شہر میں پانی میں آرسینیک کی مقدار WHOمعیار کے مطابق ہے اور ہم شہریوں کو بہترین پانی مہیاکر رہے ہیں۔ شہریوں سے التماس ہے کہ یہ صاف پانی گاڑیاں دھونے، پودوں کو سیراب کرنے اور گھریلو استعمال میں احتیاط برتیں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -