پاکستانی نوجوانوں کواعلیٰ تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ترجیح ہے ، امجد خان

پاکستانی نوجوانوں کواعلیٰ تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنا ترجیح ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(سٹاف رپورٹر) پاکستانی نوجوانوں کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ پیشہ ورانہ تربیت فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ نوجوان خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے درمیان اشتراک عمل کے روشن امکانات ہیں اور ہم اس قومی نظریاتی ادارے کے ذریعے نسل نو کی تعلیم و تربیت کے مشن کو آگے بڑھائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری(UKPCCI) کے صدر امجد خان کی سربراہی میں پاکستان کے دورے پر آئے وفد نے ایوانِ کارکنانِ تحریک پاکستان لاہور میں نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے سیکرٹری شاہد رشید سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ وفد میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے جنرل سیکرٹری بیرسٹر میاں وحید الرحمان‘ ڈائریکٹر سید سراج احمد اور دیگر عہدیداران شامل تھے۔ امجد خان نے کہا کہ برطانیہ اور یورپ میں اسلاموفوبیا کی موجودہ لہر کے تناظر میں پاکستانی تارکین وطن کی طرف سے اپنے ملک میں سرمایہ کاری کے رجحان میں اضافہ ہورہا ہے اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے بھی وطن عزیز کے مختلف شعبوں میں تقریباً20کروڑ پاؤنڈ کی سرمایہ کاری کا فیصلہ کیا ہے۔

اُنہوں نے کہا کہ ہم نے جن شعبوں کو سرمایہ کاری کے لئے منتخب کیا ہے‘ ان میں تعلیم‘ ہاؤسنگ سیکٹر‘ صحت‘ سیاحت‘ سپورٹس‘ سرجیکل انسٹرومنٹس‘ فروٹ پراسیسنگ پلانٹ‘ ٹیکسٹائل‘ پی آئی اے‘ انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انفراسٹرکچر شامل ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین وطن موجودہ حکومت پر اس لئے بہت اعتماد کرتے ہیں کیونکہ یہ بدعنوان نہیں ہے اور یہ ملک کو ترقی اور خوش حالی کی راہ پر گامزن کرنے کے ضمن میں مخلصانہ کوششیں کررہی ہے۔ امجد خان نے نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کی قوم ساز سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ اپنی تاریخ اور نظریے سے بیگانہ رہ کر کوئی قوم آگے نہیں بڑھ سکتی اور مجھے یہ جان کر بہت خوشی ہوئی ہے کہ اس ادارے نے وطن عزیز کی نسل نو کو اپنی توجہ کا محور و مرکز بنایا ہوا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کی طرف سے ایک ماڈل تعلیمی ادارہ قائم کرنے کے ضمن میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری بھرپور تعاون کرے گا۔ امجد خان نے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شاہد رشید کو مستقبل قریب میں برطانیہ کے دورے کی دعوت دی تاکہ دونوں اداروں کے درمیان اشتراک عمل کے مزید امکانات کا جائزہ لیا جاسکے۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان کی آبادی کانصف سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ہے جو کسی بھی ملک کے لئے بہت بڑی نعمت ہے۔ ان نوجوانوں کو ایسی پیشہ ورانہ تعلیم و تربیت مہیا کرنے کی ضرورت ہے جو مارکیٹ اور انڈسٹری کی ضروریات سے مطابقت رکھتی ہو۔ اُنہوں نے کہا ہم چاہتے ہیں کہ نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ مستقبل میں ایک ایسی کانفرنس یا سیمینار کا اہتمام کرے جس میں نوجوان پاکستانی بزنس مینوں کو مدعو کیا جائے اور اس میں یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندے بھی شریک ہوں۔ ہم چاہیں گے کہ ان نوجوانوں کے ذہن میں موجود آئیڈیاز کو سن کر پارٹنر شپ کی بنیاد پر ان کی مالی معاونت کی جائے اور یوں انہیں زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کئے جائیں۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے کہا کہ اگر پاکستان کو ترقی کرنا ہے تو حکومت کو ہیومن ڈویلپمنٹ پر توجہ دینا ہوگی اور نوجوانوں کو ہنر مند بنانا ہوگا۔ اُنہوں نے کہا کہ بریگزٹ کی وجہ سے برطانیہ میں اس وقت غیر یقینی صورتحال ہے جس کے باعث وہاں مقیم پاکستانی اپنے ملک میں سرمایہ لگانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان کی طرف سے سرمایہ کاروں کے لئے مراعات کا اعلان‘ سیاحت کے فروغ کا عزم اور غیر ملکی سیاحوں کے لئے ویزوں کے حصول میں آسانی جیسے اقدامات خوش آئند ہیں۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے انتہائی خوبصورت ممالک میں ہوتا ہے اور یہاں ان گنت سیاحتی مقامات کو ترقی دے کر بے پناہ زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے تعاون سے ہم پاکستانی نوجوانوں کے لئے پیشہ ورانہ تربیت کے ایسے کورسز کا انتظام کرسکتے ہیں جنہیں پوری دنیا میں تسلیم کیا جاتا ہے۔ بیرسٹر میاں وحید الرحمن نے نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے پراجیکٹ ایوان قائداعظمؒ کی تکمیل پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ہم وہاں قائم مادرِ ملتؒ لائبریری کا لندن کی انڈیا آفس لائبریری سے رابطہ کروا دیں گے کیونکہ وہاں برصغیر کی تاریخ کے متعلق نایاب تحریری و تصویری مواد موجود ہے۔ قبل ازیں شاہد رشید نے وفد کے اراکین کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے اغراض و مقاصد اور نظریاتی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ اُنہوں نے کہا کہ ہم اپنے محدود مالی وسائل کے باوجود پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناحؒ کے وژن کے مطابق ایک جدید اسلامی‘ جمہوری اور فلاحی مملکت بنانے کے لئے سرگرم عمل ہیں۔ اُنہوں نے وفد سے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے ایسے بہت سے طالبعلم اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے پاکستان آتے ہیں جنہیں مالی معاونت کی ضرورت ہوتی ہے اور یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری اس ضمن میں بڑا مفید کردار ادا کرسکتا ہے۔ اُنہوں نے مزید کہا کہ نوجوان پاکستانی معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی ہیں۔ قائداعظمؒ نے بھی انہی کی صلاحیتوں اور جوش و جذبے پر انحصار کرتے ہوئے حصول پاکستان کی جنگ میں فتح حاصل کی تھی۔ آج پاکستان کو درپیش سنگین چیلنجز سے عہدہ برآء ہونے کے لئے بھی ہمیں اپنی نوجوان نسل پر بھروسہ اور انہیں جدید علوم و فنون سے مسلح کرنا ہوگا۔ اُنہوں نے وفد کو آگاہ کیا کہ نظرےۂ پاکستان ٹرسٹ کے تحت ہر سال موسم گرما کی تعطیلات کے دوران ایوانِ کارکنان تحریک پاکستان لاہور میں ایک نظریاتی سمر سکول کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ یہ تجربہ انتہائی شاندار رہا ہے اور اب والدین ہم سے مطالبہ کررہے ہیں کہ اس تجربے کی روشنی میں مستقل بنیادوں پر ایک ماڈل تعلیمی ادارہ قائم کیا جائے جس میں نظریاتی تعلیم و تربیت کے ساتھ ووکیشنل ٹریننگ کا بھی بندوبست ہو۔ اُنہوں نے کہا کہ مذکورہ تعلیمی ادارے کے قیام کے لئے یوکے پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا تعاون حاصل ہوجائے تو اسے بہت جلد عملی جامہ پہنایا جاسکتا ہے۔ اُنہوں نے وفد کی جانب سے برطانیہ کے دورے کی دعوت قبول کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ اس کی بدولت انہیں برطانیہ میں پاکستانی تارکین وطن سے تبادلۂ خیالات اور اشتراکِ عمل کے امکانات کا جائزہ لینے کا بھرپور موقع میسر آئے گا۔