پنجاب حکومت تیزی سے توانائی کے متبادل ذرائع پر عمل پیرا ہے ، اختر ملک

پنجاب حکومت تیزی سے توانائی کے متبادل ذرائع پر عمل پیرا ہے ، اختر ملک

لاہور(پ ر)پنجاب انرجی ایفی شینسی اینڈ کنزرویشن ایجنسی (پیکا )اور لیسکو کے زیر اہتمام نیٹ میٹرنگ بارے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر توانائی ڈاکٹر اختر ملک نے کہا کہ سولر انرجی قدرت کی طرف سے عطا کردہ ایک نعمت ہے اور ہمیں اس کے بہترین استعما ل سے بجلی بحران سے مستقل نجات مل سکتی ہے۔ نیٹ میٹرنگ کے نظام کے ذریعے ایک عام صارف بھی اپنی بجلی کی ضروریات شمسی توانائی سے پورا کر کے فاضل بجلی لیسکو کو فروخت کر سکتا ہے ۔ صوبائی حکومت اور بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کو سولر انرجی کے ذریعے نیٹ میٹرنگ کے فروغ کیلئے کردار ادا کرنا چاہیے۔پنجاب حکومت تیزی سے توانائی کے متبادل ذرائع پر عمل پیرا ہے ۔

۔چیف انرجی اکانومسٹ پیکا سعدیہ قیوم نے کہا کہ ہم لیسکو اور نیپرا کے تعاون سے نیٹ میٹرنگ کے فروغ اور انرجی کنزرویشن کیلئے بھر پور آگاہی مہم چلا رہے ہیں تاکہ صوبہ بھر میں صارفین بالخصوص تجارتی اور صنعتی صارفین زیادہ سے زیادہ مستفید اٹھا سکیں ۔ حافظ محمد نعمان اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیپرا نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ کے فروغ کیلئے حکومت نے قومی سطح پر مہم شروع کر رکھی ہے۔ سیمینار میں وائس چانسلر یو نیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر عزیز اکبر، انجینئر جاوید سلیم قریشی چیئرمین پاکستان انجینئرنگ کونسل سمیت دیگر نے شرکت کی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1