مشن ورلڈ کپ ، مشقیں شروع ، ٹیم کا اعلان کل

مشن ورلڈ کپ ، مشقیں شروع ، ٹیم کا اعلان کل

لاہور(سپورٹس رپورٹر) ورلڈ کپ2019 کیلئے قومی کرکٹ ٹیم کا فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ مکمل ہوگیا، ٹیم کا اعلان(کل)جمعرات کو کیا جائے گا۔مشن ورلڈ کپ کیلئے قومی کرکٹرزنے لاہورمیں ٹریننگ کا آغازکردیا ہے،ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں، فزیکل ٹریننگ کے بعد کیچنگ اور تھرو کی بھی ٹریننگ کی گئی، قومی کرکٹرز نے تیزی سے سیڑھیاں چڑھنے سمیت مشکل فزیکل ٹریننگ کی، فیلڈنگ، کیچنگ پریکٹس اور شارٹ تھرو بھی ٹریننگ کا حصہ رہی۔تفصیلات کے مطابق عالمی کپ کے لیے قومی ٹیم کے انتخاب سے پہلے فٹنس ٹیسٹ کا مرحلہ لاہور میں مکمل ہوگیا،23 کھلاڑیوں نے مختلف طرح کے فٹنس ٹیسٹ دئیے ہیں۔عالمی کپ کے لیے انگلینڈ کا ٹکٹ اسے ملے گا جو فٹنس ٹیسٹ کلیئر کرے گا، محمد نواز نے پیٹرز ٹرافی گریڈ ٹو کا میچ کھیلنے کے لیے پہلے ہی ٹیسٹ دے دیا تھا۔ باقی بائیس کھلاڑیوں نے یو یو، بلپ اور رننگ ٹیسٹ دئیے، کوچ مکی آرتھر اور ٹرینر گرانٹ لوڈن نتائج مرتب کریں گے، ٹیم کا اعلان اٹھارہ اپریل ہوگا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہونے والے فٹنس ٹیسٹ میں محمد رضوان سب کو پیچھے چھوڑ گئے، شان مسعود اور حسن علی دوسرے نمبر پر رہے،کپتان سرفراز اور محمد عامر کے بعد شعیب ملک، شاہین شاہ آفریدی، شاداب خان، فہیم اشرف، عثمان شنواری اور دیگر بھی کامیاب ہوگئے،عماد وسیم، محمد حسنین، عابد علی اور یاسر شاہ مطلوبہ معیار سے پیچھے رہ گئے۔سلیکشن کمیٹی کے سربراہ انضمام الحق اوردیگر ارکان نے بھی کھلاڑیوں کی کارکردگی پر نظر رکھی۔دوسری جانب ورلڈ کپ کی تیاری کیلئے قومی کرکٹرزنے لاہورمیں ٹریننگ کا آغازکردیا،کپتان سرفرازاحمد کے علاوہ 21کھلاڑی ٹریننگ میں شریک ہیں۔ہیڈ کوچ مکی آرتھر کیمپ کی نگرانی کررہے ہیں۔پہلے روز بیس کھلاڑیوں نے شرکت کی، فزیکل ٹریننگ کے بعد کیچنگ اور تھرو کی بھی ٹریننگ کی گئی۔قذافی سٹیڈیم لاہور میں ورلڈکپ تیاریاں تیز ہو گئیں، تربیتی کیمپ میں پہلے روز بیس کھلاڑیوں نے شرکت کی، قومی کرکٹرز نے تیزی سے سیڑھیاں چڑھنے سمیت مشکل فزیکل ٹریننگ کی، فیلڈنگ، کیچنگ پریکٹس اور شارٹ تھرو بھی ٹریننگ کا حصہ رہی۔کپتان سرفراز احمد نے کراچی سے لاہور پہنچ کر تاخیر سے ٹیم کو جوائن کر لیا، حارث سہیل کے چچا کے انتقال کی وجہ سے پہلے روز کیمپ میں شریک نہیں ہوئے۔ سلیکشن کمیٹی کے ارکان کھلاڑیوں کی کارکردگی کا جائزہ لینے کیلئے قذافی اسٹیڈیم میں موجود ہیں۔سلیکشن کمیٹی کیارکان توصیف احمد، وجاہت اللہ واسطی اوروسیم حیدرکیمپ میں کھلاڑیوں کی فارم اور فٹنس کا جائزہ لے رہے ہیں۔یاد رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم 23 اپریل کو لندن روانہ ہوگی جہاں انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلی جانی ہے۔پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ون ڈے میچ 8 مئی کو اوول، گیارہ مئی کو ساتھمپٹن، 14 مئی کو برسٹل، 17 مئی کو ٹرینٹ برج اور 19 مئی کو لیڈز میں کھیلا جائے گا۔ورلڈ کپ 30 مئی سے شروع ہوگا اور قومی ٹیم اپنی مہم کا آغاز 31 مئی کو ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ سے کرے گی۔

مزید : کھیل اور کھلاڑی