رستم میں جرگہ کی کوششیں بارآور ،عبدالسبحان اور سید علی میں دشمنی ختم
رستم(تحصیل رپورٹر)سابق صوبائی وزیر عبدالسبحان خان اور سید علی کے مابین 60سالہ دشمنی کا خاتمہ، خون کے پیاسے بھائی بھائی بن گئے، دشمنی میں ایک سو کے قریب جانیں ضائع ہوچکی ہے۔تفصیلات کے مطابق تحصیل رستم گڑیالہ میں 1960سے شروع ہونے والی قتل و قتال کی دشمنی آج دوستی میں تبدیل ہو گئی جرگہ مشران عنایت خان ،عجم بابو،علی انور خان اور دیگر نے فریق اول سید علی ،پیر زادہ،عثمان علی ستی فریق دوم سابق صوبائی وزیر عبدالسبحان خان،فرزند علی خان،زڑہ ور خان کے مابین مسلسل کاؤ شوں کے بعد راضی نامہ پر آمادہ کر دیا،اس سلسلے میں گڑیالہ میاں گانوں مسجد میں ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صوبائی صدر امیر مقام خان ،سابق گورنر خیبر پختونخواہ اقبال ظفر جھگڑا ،شیر آفگن خان ،اختر نواز خان ،مولانا محمد علی شاہ حقانی ، حاجی خان اکبر آفریدی اور شیر زمان ٹکرکے علاوہ ہزاروں افراد نے شر کت کی ،اس دوران فریقین نے مسجد میں قرآن پاک پر ہاتھ رکھ کر دشمنی ختم کر نے اور آئندہ بھائیوں کی طرح زندگی بسر کر نے کا عہد کیا جر گہ مشران کی جانب سے اس تاریخی راضی نامہ پر علاقہ سدھوم کے سیاسی اور عوامی حلقوں نے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔۔