حفاظتی ٹیکہ جات آگاہی مہم کا راولپنڈی سے با ضابطہ آغاز

حفاظتی ٹیکہ جات آگاہی مہم کا راولپنڈی سے با ضابطہ آغاز

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


راولپنڈی ( پ ر)دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات 24تا 30اپریل2019کو منایا جا ئے گا ۔ اس سلسلہ میں راولپنڈی کی ہر یونین کونسل میں2سال سے کم عمر بچوں اور خواتین کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ اس ضمن میں ضلع بھر میں پولیو، خناق ، خسرہ ، ٹی بی ، ہیپاٹائٹس، تشنج ، وغیرہ جیسے خطرناک امراض سے بچاؤ کی قیمتی ویکسین ہر ہسپتال میں موجود ہے جو بچوں کو مفت لگائی جائے گی۔ان خیالات کا اظہار، چوہدری محمد علی رندھاوا، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی نے پرل کانٹیننٹل ہوٹل میں صحافی برادری سے ایمونائزیشن ویک کی بابت آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ہفتہ میںEPIکی تمام موذی امراض سے بچاؤ کی ویکسین اور دیگر ضروری اشیاء ہر جگہ پہنچا دی گئی ہیں اور سٹاف کی ٹریننگ بھی کروا دی گئی ہے۔ ڈاکٹر راشد علی خان، سی ای او، ڈاکٹر نوید اختر ملک، ڈی ایچ او، چوہدری محمد حسین DSVراولپنڈی نے بھی اپنے خطاب میںEPIامراض سے ہونے والے نقصانات اور حفاظتی ٹیکوں کی انفرادی اور اجتماعی اہمیت اجاگر کی۔ اس تقریب میں شامل صحافی برادری سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھی اس مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینے کے عزم کا اظہار کیا اور عوام الناس کو آگاہی کی فراہمی کے لیے مل کر چلنے کا عہد کیا۔ جرنلسٹ طاہر گوندل(اے پی پی) کی جانب سے پوچھے جانے والے سوال کے جواب میں بتایا گیا کہ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کا ٹیکہ بھی معمول کے حفاظتی ٹیکہ جات پروگرام میں شامل ہے جو بچوں کو 14ہفتے کی عمر میں لگایا جاتا ہے۔
یونیسیف کے نمائندہ عثمان غنی کے تقریب کے شرکاء کو ایک جامع اور تفصیلی پریزینٹیشن دی جس میں حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت پر روشنی ڈالی گئی۔ ڈاکٹر محمد سہیل رانا، ایڈیشنل ڈائریکٹر EPIپنجاب ، لاہور نے بھی خصوصی طور پر اس تقریب میں شرکت کی اور اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کہ یونیسیف ، ڈبلیو ایچ او اور حکومت پنجاب کی مدد سے پولیو سے بچاؤ کی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ عالمی ہفتہ برائے حفاظتی ٹیکہ جات کے دوران ، ضلع راولپنڈی میں10ہیلتھ کیمپ قائم کئے جائیں گے جو 20اپریل سے 30اپریل تک بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائیں گے۔ ان کیمپس میں تمام امراض کی تشخیص کی جائے گی اور مفت ادویات دی جائیں گی۔ ان کیمپس کے قیام کے لیے راولپنڈی کی یونین کونسل 3، 4،6، 7، 8، 9، CF-1،2،3،4کا انتخاب کیا گیا ہے۔ تقریب کے آخر میں ڈی ایچ او ، راولپنڈی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

مزید :

کامرس -