پاکستان میں پہلی وی لوگ سمٹ منعقد ہورہی ہے، ایلفا پرو

پاکستان میں پہلی وی لوگ سمٹ منعقد ہورہی ہے، ایلفا پرو

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آباد(پ ر)ملک کی معروف ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا ایجنسی ایلفا پرو کے زیر اہتمام پاکستان میں اپنی نوعیت کی پہلی وی لوگ سمٹ منعقد ہونے جا رہی ہے۔ یہ ایک روزہ سمٹ اسلام آبادکے شاہ لطیف بھٹائی آڈیٹوریم میں26اپریل کو منعقد کی جائے گی جس میں مقامی اور بین الاقوامی وی لوگرز شرکت کریں گے اور پاکستان کی خوبصورتی اور ثقافت کے حوالے سے اپنے تجربات سے ایک دوسرے کو آگاہ کریں گے۔ یہ سمٹ پاکستان کے بارے میں مثبت تاثر اجاگر کرنے کا ایک اہم موقع ثابت ہو گی۔ اس سمٹ کے ذریعے دنیا کو بتایا جائے گا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے اور یہاں سیر و سیاحت کے بہترین مواقع موجود ہیں۔ سوشل میڈیا پاکستان کا درست تاثر دنیا تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہو سکتا ہے۔ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے عین مطابق موجودہ حکومت نے ملک میں سیاحت کو فروغ دینے کیلئے اہم اقدامات اٹھائے ہیں۔ ایلفا پرو نے ایسے کسی بھی اقدامات کیلئے ہمیشہ سے تعاون کیا ہے اور اس سمٹ کا انعقاد اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے۔ امید کی جا رہی ہے کہ سیر و سیاحت کے فروغ کی غرض سے منعقد کی جانے والی یہ سمٹ ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو گی۔ ایلفاپرو نے معروف بین الاقوامی ٹریول وی لوگر ز کو شرکت کی عوت دی ہے۔ سر فہرست ان میں جورڈن ٹیلر ہیں جو انسٹا گرام پر @ٹریول لائٹ21کے نام سے موجود ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی وی لوگرز سکوٹی گرلز ثناء او ر افرا اور مشہور فیشن وی لوگر سریشہ بھی اس سمٹ میں شرکت کریں گی۔سمٹ میں عمومی طور پر زیر بحث لایا جائے گا کہ پاکستان سیاحت کیلئے بالکل محفوظ ملک ہے۔ خصوصاًایسے افراد کیلئے جو اپنی فیملیز کے ہمراہ سفر کرنا چاہتے ہیں۔ پاکستان قدرتی خوبصورتی سے مالا مال ملک ہے۔ یہاں کے مقامی کھانے سیاحوں کو سالوں یاد رہتے ہیں۔ یہاں کے افراد نہایت مہمان نواز ہیں۔ یہی وہ پیغام ہے جو آج کے سب سے طاقتور ترین ذریعے سے دنیا کو پہنچانا ہے۔
ڈیجیٹل میڈیا کے شعبے میں آئے دن نت نئی تبدیلیاں رونما ہو رہی ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وی لوگنگ کا رجحان بہت تیزی سے بڑھ رہا ہے۔ ایلف اپرو کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ جدید دور کے رجحانات کو پاکستان میں متعارف کرتی رہے۔ گزشتہ سال ایلفا پرو نے پاکستان کی پہلی سوشل میڈیا سمٹ منعقد کی تھی جس کے تحت سوشل میڈیا ایکسپرٹس کو ایک چھت تلے جمع کیا گیا تھا۔ اپنے پیغام میں ایلفا پرو کے مینجنگ ڈائریکٹر کا کہنا تھا کہ ان کی ہمیشہ سے یہ کوشش رہی ہے کہ دنیا بھر کے جدید رجحانات کو پاکستان میں متعارف کیا جائے تاکہ پاکستان بھی باقی دنیا سے ہم آہنگ ہو سکے۔ اس کے علاوہ ہم پاکستان کا مثبت تاثر بھی دنیا تک پہنچانے کیلئے پر عزم ہیں۔ نیا پاکستان محض ایک نعرہ نہیں ہے، یہ میرے دل کے بہت قریب ہے۔ میں پر امید ہوں کہ اس سمٹ سے ہم اپنے مقصد کے حصول میں کامیاب ہو جائیں گے۔

مزید :

کامرس -