ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ جامعہ زکریا ‘ سٹوڈنٹس کا امتحانی فیس کم کرنے کیلئے مظاہرہ

ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ جامعہ زکریا ‘ سٹوڈنٹس کا امتحانی فیس کم کرنے کیلئے ...

ملتان(سٹاف رپورٹر) بہاالدین زکریا یونیورسٹی کے ایگری کلچر ڈیپارٹمنٹ کے فیل ہونیوالے طلبا کا امتحان کی فیس کم کرنے کیلئے احتجاج‘ 3 گھنٹے سے زائد کیمپس کامرکزی گیٹ بند رکھا(بقیہ نمبر15صفحہ12پر )

۔تفصیل کے مطابق زکریا یونیورسٹی میں ایگریکلچر ڈیپارٹمنٹ کے فیل ہونے والے طلبا و طالبات نے سپلی کے امتحانات کی فیس کم کرنے کے لئے احتجاج کیا ،اس موقع پر بی اے کا امتحان دینے والے طلبا و طالبات پریشانی کی تصویر بنے رہے اور اپنے پیپر کے لئے یونیورسٹی کی دیوار پھلانگ کر یونیورسٹی پہنچتے رہے۔ احتجاجی طلبا کا کہنا تھا کہ وہ اپنے مطالبات کی منظوری کے بغیر واپس نہیں جائیں گے جبکہ یونیورسٹی انتظامیہ اور طلبا کے درمیان مذاکرات بار بار ناکام ہوتے رہے جس پر طلبا نے بوسن روڈ پر بھی ٹائر نذر آتش کر کے روڈ بلاک کردیا جس پر روڈ پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں، بعدازں طلبا اور یونیورسٹی انتظامیہ میں مذاکرات کی کامیابی کے بعد طلبا نے احتجاج ختم کر دیا اور روڈ ٹریفک کے لیے بحال کر دیا گیا۔یونیورسٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ زرعی کالج کے چند اساتذہ اس احتجاج کو سپورٹ کررہے تھے ، فیسوں کاشیڈول 2001 کا منظور شدہ ہے تاہم جو کچھ ہوسکتا تھا ‘ ٹیوشن فیس کی مد میں کمی کردی گئی ہے۔چند لڑکے امتحانی فیس مکمل معاف کرانا چاہتے تھے ۔ساری رپورٹ وائس چانسلر کو ارسال کردی گئی ہے۔ دریں اثنابہاء الدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے ترجمان کے مطابق امتحانات میں طالبعلموں کے Repeat Examsکی فیس حسبِ قواعد معاف نہیں کی جاسکتی ۔ بعض طلباء کو چند ایسے مفاد پرست عناصر اس حوالے سے اکسانے کی کوشش کررہے ہیں جو یونیورسٹی کے لئے بدنامی کا سبب بننے والے ایک استاد (واصف نعمان ) کے خلاف سینڈیکیٹ کے تادیبی اقدام کو مؤخر کرنا چاہتے ہیں ۔ تمام طالبعلموں کے تعلیمی مستقبل کیلئے ان کے والدین اور اساتذہ سے توقع ہے کہ وہ اپنے تعلیمی مستقبل پر توجہ دیں گے اور کوئی ایسا اقدام نہیں کریں گے جس سے ان کے تعلیمی مستقبل پر منفی اثر ہو۔

مزید : ملتان صفحہ آخر