سیاسی افراتفری سے معیشت کو نقصان ہورہا ہے: خواجہ خاور رشید
لاہور(نیوز رپورٹر)فاؤنڈرز گروپ کے لیڈر اور ایوان صنعت و تجارت لاہور کے سابق سینئر وائس پریذیڈنٹ خواجہ خاور رشید نے کہا ہے کہ سیاسی شعبے میں افراتفری سے ملک کو عالمی سطح پر نقصان پہنچ رہا ہے اور اس کے اثرات سرمایہ کاری سمیت تمام سیکٹرز پر اثر انداز ہورہے ہیں۔ سیاستدانوں کو اپنے مسئلے پارلیمنٹ کے ذریعے حل کرنے چاہئیں تاکہ ملک کو نقصان نہ پہنچے۔ انہوں نے کہا ہے کہ سیاستدان ایک دوسرے پر الزام تراشی میں مصروف ہیں ۔ یہ صورتحال نہ تو کاروبار ، سرمایہ کاری اور معیشت کے لیے سازگار ہے اور نہ ہی قومی اتحاد و یکجہتی کے لیے مناسب ہے۔ اس کا فائدہ پاکستان کے دشمنوں نے بھی اٹھانا اور پاکستان میں ایک مرتبہ پھر دہشت گردی شروع کردی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ الزام تراشی اورغیرمہذب زبان کبھی بھی مسائل حل نہیں کرسکتی ۔ مسائل حل کرنے کے لیے مناسب ترین پلیٹ فارم منتخب اسمبلیاں ہیں۔ تمام سیاستدان خواہ ان کا تعلق کسی بھی پارٹی سے ہے وہ مسائل پارلیمنٹ کے اندر حل کریں تاکہ ٹریڈرز اور انویسٹرز ہیجان میں مبتلا نہ ہوں اور کاروباروں کو نقصان نہ پہنچے۔