ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا نائب کپتان کون ہو گا؟ نام سامنے آ گیا

ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا نائب کپتان کون ہو گا؟ نام سامنے آ گیا
ورلڈکپ میں قومی ٹیم کا نائب کپتان کون ہو گا؟ نام سامنے آ گیا

  

کراچی (ڈیلی پاکستان آن لائن) آئی سی سی ورلڈکپ 2019ءمیں شعیب ملک پاکستانی ٹیم کے ”غیراعلانیہ“ نائب کپتان ہوں گے کیونکہ پی سی بی نے تاحال ورلڈکپ میں کسی کو نائب کپتان مقرر کرنے کا فیصلہ نہیں کیا اور ذرائع کا کہنا ہے کہ شعیب ملک کو غیر اعلانیہ طور پر یہ ذمہ داری سونپی جائے گی۔

نجی خبر رساں ادارے ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق دورہ جنوبی افریقہ کے دوران سرفراز احمد پر پابندی عائد ہونے پر شعیب ملک نے قومی ٹیم کی قیادت کی تھی جس کے بعد چوتھے ون ڈے میں فتح کے بعد پانچویں میچ میں ٹیم کو شکست ہوئی جبکہ ٹی 20 سیریز میں 1-2 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا اور پھر جب متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آسٹریلیا کیخلاف سیریز میں جب سرفراز احمد کو آرام دیا گیا تب بھی شعیب ملک کو ہی کپتان مقرر کیا گیا، مگر ابتدائی تینوں میچوں میں ناکامی کے بعد وہ زخمی ہو گئے اور بقیہ دونوں مقابلوں میں عماد وسیم نے ذمہ داری سنبھال لی۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے گزشتہ دنوں نائب کپتان کے تقرر پر غور کیا تاہم تاحال اس حوالے سے کوئی اعلان کئے جانے سے متعلق کوئی اتفاق نہیں ہو سکا لیکن یہ فیصلہ کیا جا چکا ہے کہ انگلینڈ کیخلاف سیریز اور ورلڈکپ کے دوران اگر سرفراز احمد کسی وجہ سے کوئی میچ نہ کھیل سکے تو شعیب ملک ہی ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ جمعرات کو سکواڈ کا اعلان کئے جانے پر شعیب ملک کے نام پر نائب کپتان درج ہو سکتا ہے کیونکہ اس سے قبل 2015ءکے ورلڈکپ میں بھی باضابطہ طور پر کسی کو مصباح الحق کا نائب مقرر نہیں کیا گیا تھا۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بورڈ حکام مستقبل میں کسی نوجوان کرکٹر کو نائب کپتان بنا کر اسے کپتانی کیلئے تیار کرنے پر غور کر رہا ہے البتہ ورلڈکپ جیسے ایونٹ میں ضرورت پڑنے پر شعیب ملک کے تجربے سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔واضح رہے کہ آل راؤنڈر میگا ایونٹ کے بعد ون ڈے کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا کافی پہلے اعلان کر چکے ہیں اور اپنے آخری ٹورنامنٹ کو عمدہ کارکردگی سے یادگار بنانا چاہتے ہیں۔

مزید : کھیل