جس دن ابھی نندن کا طیارہ گرا اسی دن بھارتی ہیلی کاپٹر کس نے گرایا تھا ؟ پاک فضائیہ کے سربراہ نے حیران کن انکشاف کر دیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن )چیک رپبلک کے صحافی ایل وارنز نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ” میں نے پاکستان کے ایئر چیف سے ملاقات کی جس دوران انہوں نے کہا کہ 27 فروری کو بھارت کا تباہ ہونے والا ہیلی کاپٹر ممکنہ طور پر انہیں کے مگ 21 بیسن کی جانب سے گرایا گیا ہے ۔“
تفصیلات کے مطابق چیک رپبلک کے معروف اور سینئر دفاعی صحافی ” ایلن وارنز “ نے کہاہے کہ ” میں نے پاکستان کے چیف آف ایئر سٹاف مجاہد انور خان کا خصوصی انٹرویو کیا اور آپ اندازہ کر سکتے ہیں کہ ہم نے 27 فروری کو پیش آنے والے معاملے ، پاکستان کے اگلی جنریشن کے جدید جنگی طیارے جے ایف تھنڈر 17 کے بلاک تھری کے علاوہ دیگر کئی اہم ترین امور پر گفتگو کی ہے ۔“
انہوں نے کہا کہ ” پاکستان کے ایئر چیف نے بتایا کہ بھارت کے مگ 21 بیسن کے ساتھ سخوئی ایس یو 30بھی گرایا گیا تاہم اسی دوران بھارت کا ایک Mi-17ہیلی کاپٹر بھی تباہ ہوا جو کہ ممکنہ طور پر بھارت کی اپنی ہی جانب سے مگ 21 نے گرایا تھا ۔ صحافی کا کہناتھا کہ پاکستانی ایئر چیف نے دہرایا کہ اس دوران پاکستان کا کوئی بھی ایف سولہ طیارہ تباہ نہیں ہوا ۔“یاد رہے کہ 27 فروری کو بھارت کا ایک ہیلی کاپٹر بھی گر کر تباہ ہوا تھا جس میں بھارتی فضائیہ کے 6 افراد ہلاک ہوئے تھے تاہم بعدازاں بھارتی میڈیا میں بھی یہ خبر آ ئی کہ تحقیقات میں انکشاف ہواہے کہ جب یہ ہیلی کاپٹر سری نگر میں تباہ ہوا تو اس سے چند لمحے پہلے انڈین ایئر ڈیفنس میزائل چلایا گیا تھا ۔
یاد رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی کا آغاز فروری 26 سے ہوا جو کہ اب تک جاری ہے تاہم اس میں کمی ضرور آ گئی ہے ،بھارتی طیاروں نے پاکستان کی فضائی حدود کیخلاف ورزی کی اور پے لوڈ گرا کر فرار ہو گئے تاہم اگلے روز 27 فروری کو پاکستان کی جانب سے اپنی حدود میں رہتے ہوئے بھارت کو بھر پور جواب دیا گیا ۔ بھارت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر سے سرحد کی خلاف ورزی کی کوشش کی گئی لیکن اس مرتبہ پاکستان نے زور دار جواب دیتے ہوئے بھارت کے دو طیارے مار گرائے جبکہ ایک بھارتی پائلٹ کو بھی گرفتار کر لیا جسے بعد ازاں وزیراعظم عمران خان نے امن کے قیام اور کشیدگی میں کمی کیلئے فوری رہا کرنے کا اعلان کیا ۔
بھارت کی جانب سے بعدازاں دعویٰ کیا گیا کہ پاکستان نے کارروائی کے دوران ایف سولہ طیارے کا استعمال کیا اور ابھی نندن نے بھی گرنے سے قبل پاکستان کا ایک ایف سولہ طیارہ مار گرایا جس پر پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے بھارتی بے بنیاد دعوﺅں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کارروائی کے دوران ایف سولہ استعمال ہی نہیں کیا ۔پاکستان نے امریکی حکام کو پاکستان آکر ایف سولہ کی گنتی کرنے کی پیشکش کی جس پر امریکی جریدے فارن پالیسی نے کچھ دن پہلے رپورٹ شائع کرتے ہوئے بھارتی دعوے کو مسترد کر دیا اور کہا کہ پاکستان کا کوئی طیارہ تباہ نہیں ہوا اور تمام گنتی میں پورے ہیں ۔