’اس لڑکی نے مجھ پر یہ چیز چھڑکی جس کے بعد میں خوشی خوشی اس کے ہاتھوں لُٹ گیا‘
میڈرڈ(مانیٹرنگ ڈیسک) سپین میں چھٹیاں منانے گئے ایک آئرش سیاح کو لڑکی نے ایسا خوفناک سپرے کرکے لوٹ لیا کہ سن کر آدمی وحشت زدہ رہ جائے۔ میل آن لائن کے مطابق آئرلینڈ کے شہر برے کا رہائشی ڈیوڈ نیلسن سپین کے جزیرے ٹیبریف پر سیاحت کی غرض سے موجود تھا جہاں اس کا کہنا ہے کہ ایک لڑکی نے اس پر ایسا سپرے کیا کہ وہ جیتا جاگتا ’زومبی‘ بن گیا اور ہنسی خوشی اس لڑکی کے ہاتھوں لٹ گیا۔
رپورٹ کے مطابق 27سالہ ڈیوڈ پر لڑکی نے جو سپرے کیا وہ دنیا کا خطرناک ترین سپرے ہے اور اس سپرے کا نام ’سکوپولامین‘ (Scopolamine)ہے اور اسے ’شیطان کا سانس‘ (Devil's Breath)کہا جاتا ہے۔ یہ سپرے جس پر کر دیا جائے، پھر آپ اس شخص سے اپنی مرضی کے مطابق کچھ بھی کروا سکتے ہیں۔
ڈیوڈ نے آئرش میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ”لڑکی نے جب مجھ پر سپرے کیا تو مجھے اس کے بعد کی چند چیزیں یاد ہیں۔ اس نے میرا فون، میری گولڈ گھڑی، بریسلٹ، میرا پرس جس میں 600یورو تھے، سب کچھ لے لیا اور پھر مجھے اپنے ساتھ اے ٹی ایم پر لے گئی اور میں نے خود اپنے آئرلینڈ اور سوئٹزرلینڈ کے بینک اکاﺅنٹس سے رقم نکال کر دی۔ وہ مجھے رقم نکال کر دینے کو کہتی رہی اور میں نکالتا رہا، جب تک بینکوں کی طرف سے غیرمعمولی ٹرانزیکشنز ہونے پر میرے کارڈ بلاک نہیں کر دیئے گئے تب تک وہ مجھ سے رقم نکلواتی رہی۔ “
ڈیوڈ کا کہنا تھا کہ ”میں نے اس سے قبل کبھی اس سپرے کے بارے میں سنا بھی نہیں تھا اور میرے خیال میں کئی اور لوگوں کو بھی اس کے بارے میں نہیں پتا ہو گا۔ “ واضح رہے کہ سکوپولامین سپرے کولمبیا میں پائے جانے والے بوراچیرو (Borrachero)نامی پودے سے بنایا جاتا ہے اور اسے نوسرباز لوگوں کا مال اسباب لوٹنے اور جنسی بھیڑئیے خواتین کو جنسی زیادتی کانشانہ بنانے کے لیے استعمال کرتے ہیں۔ اس کی زیادہ مقدار آدمی کو موت کے گھاٹ بھی اتار سکتی ہے۔“