’اُن لڑکوں نے گاڑی ریورس کر کے مجھے آواز لگائی اندر بیٹھ جاﺅ‘ اسلام آباد میں ہراسگی کا نشانہ بننے والی لڑکی نے افسوسناک تفصیلات بیان کردیں

’اُن لڑکوں نے گاڑی ریورس کر کے مجھے آواز لگائی اندر بیٹھ جاﺅ‘ اسلام آباد ...
’اُن لڑکوں نے گاڑی ریورس کر کے مجھے آواز لگائی اندر بیٹھ جاﺅ‘ اسلام آباد میں ہراسگی کا نشانہ بننے والی لڑکی نے افسوسناک تفصیلات بیان کردیں

  

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) جو بھی غیرملکی پاکستان آتا ہے، پاکستانیوں کی میزبانی کے گن گانے پر مجبور ہو جاتا ہے مگر یہاں بھی کچھ ایسے عاقبت نااندیش پائے جاتے ہیں جن کی اپنی تو کوئی عزت ہوتی ہی نہیں، چنانچہ وہ ملک کی عزت کو بھی بٹہ لگانے سے باز نہیں آتے۔ ایسے ہی کچھ شیطان صفتوں نے اسلام آباد میں ایک کینیڈین لڑکی کے ساتھ ایسا شرمناک سلوک کیا کہ سن کر دوسرے تو کیا، خود پاکستانی ہی غصے میں آ جائیں۔ ویب سائٹ ’پڑھ لو‘ کے مطابق اسومی جے(Asoomii Jay)نامی یہ لڑکی اسلام آباد میں موجود تھی اور اسے بحریہ ٹاﺅن راولپنڈی جانا تھا جس کے لیے اس نے ’اوبر‘ ٹیکسی منگوائی۔

جب اسومی اوبر ٹیکسی کے لیے انتظار کر رہی تھی تو ایک گاڑی اس کے سامنے سے گزر ی اور کچھ فاصلے پر رک کر واپس آئی۔ اس گاڑی میں کچھ بدطینت نوجوان سوار تھے جنہوں نے اسومی کو دیکھ کر آواز لگائی کہ ”آﺅ ہماری گاڑی میں بیٹھ جاﺅ۔“ اسومی نے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو بتایا ہے کہ وہ چپ چاپ کھڑی رہی اور گاڑی کے اندر بیٹھے نوجوان اس پر شرمناک فقرے کستے رہے اور اسے جنسی ہراسگی کا نشانہ بناتے رہے۔ اسی اثناءمیں اسومی کی گاڑی آ گئی اور وہ اس میں سوار ہو گئی۔ اب ان بدتہذیبوں نے اسومی کی گاڑی کا پیچھا کرنا شروع کر دیا۔ کبھی گاڑی آگے لیجاتے اور کبھی پیچھے اور کھڑکی سے بدزبانی کرتے رہے۔ وہ اوبر کے ڈرائیور سے بھی پوچھتے رہے کہ یہ لڑکی کہاں جا رہی ہے اور لڑکی کو بھی کہتے رہے کہ وہ ان کی گاڑی میں آ جائے۔

اوبر کے ڈرائیور نے اسومی کو پرسکون رکھنے کی کوشش کی تاہم وہ انتہائی خوفزدہ ہو گئی۔ اس نے اپنے ساتھ پیش آنے والا یہ شرمناک واقعہ ایک ویڈیو کی شکل میں فیس بک پر پوسٹ کیا ہے جس میں اس نے بتایا ہے کہ وہ اس واقعے کی وجہ سے اتنی خوفزدہ ہو گئی ہے کہ رات کے وقت باہر نہیں نکل سکتی۔ اس نے پولیس کو بھی اس کی اطلاع دی اور پولیس نے اسے تھانے آ کر رپورٹ درج کروانے کو کہا۔ اسومی نے ویڈیو میں ایسے بدتمیزوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ”ایسا حیوانوں جیسا سلوک کیوں کرتے ہوں، تمہاری بھی کوئی ماں ہے، کوئی بہن ہے اور کل کو تمہاری کوئی بیٹی بھی ہو گی۔ ان کے ساتھ کوئی ایسا کرے تو تمہیں کیسا لگے گا۔“

مزید :

ڈیلی بائیٹس -علاقائی -اسلام آباد -