امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی سعودی عرب روانہ ہوگئے ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور علامہ طاہر اشرفی سمیت اعلیٰ حکام نے رخصت کیا

امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی سعودی عرب روانہ ہوگئے ،وزیر ...
امام کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی سعودی عرب روانہ ہوگئے ،وزیر اعلیٰ پنجاب اور علامہ طاہر اشرفی سمیت اعلیٰ حکام نے رخصت کیا

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

لاہور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امام حرم کعبہ الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی پاکستان کا 6 روزہ دورہ مکمل کر کے سعودی عرب روانہ ہوگئے ،ائیر پورٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار،صوبائی وزیر مذہبی امور سید سعید الحسن ،پاکستان علما کونسل کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی ،سعودی سفیر نواف سعید المالکی اور صوبہ پنجاب کے اعلیٰ حکام نے امام کعبہ کو الوداع کیا ۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان علما کونسل کی دعوت پر 6 روزہ دورے پر پاکستان تشریف لانے والے  امام حرم کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی سعودی عرب روانہ ہو گئے ،روانگی سے قبل امام حرم کعبہ کے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے اُن کے اعزاز میں پر تکلف ضیافت کا اہتمام کیا  اور بعد ازاں سعودی سفیر نواف المالکی ،علامہ طاہر محمود اشرفی ،پیر سعید الحسن شاہ سمیت اعلیٰ سرکاری حکام امام کعبہ کو ائیرپورٹ چھوڑنے گئے ،اس موقع پر سیکیورٹی کے خصوصی انتظامات کئے گئے تھے ۔امام کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی نے 6 روزہ دورہ پاکستان کے دوران چوتھی عالمی ’’پیغام اسلام کانفرنس ‘‘ میں خطاب کے علاوہ فیصل مسجد میں جمعۃ المبارک کا خطبہ دیاجس میں جڑواں شہروں سے ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کی اور امام کعبہ کی اقتدا میں نماز جمعہ ادا کی ۔امام کعبہ نے سعودی سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ تقریب پاکستان بھر سے آئے ہوئے علما و مشائخ سے بھی خطاب کیا جبکہ وزیر اعظم عمران خان ،آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ ،چیئرمین سینیٹ ،سپیکر قومی اسمبلی سے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں ۔

امام حرم کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی نے لاہور میں قائمقام گورنر پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار  کی جانب سے دی جانے والی خصوصی تقاریب میں بھی شرکت کی جبکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث کے مرکز راوی روڈ میں نماز عصر کی امامت فرمانے کے علاوہ ’’پیغام ٹی وی ‘‘ کے نئے پراجیکٹ ’’قرآن ٹی وی ‘‘ کا افتتاح کیا اور مرکز اہل حدیث میں علما کی خصوصی نشست سے بھی خطاب کیا ۔امام کعبہ نے نماز مغرب کی امامت بادشاہی مسجد میں ادا کرنے کے بعد نماز عشا لاہور کے قدیم ترین دینی ادارے جامعہ اشرفیہ میں پڑھائی جہاں ہزاروں افراد نے ان کی اقتدا میں نماز عشا ادا کی بعد ازاں لاہور کے نجی ہوٹل میں امام کعبہ  الشیخ ڈاکٹر عبد اللہ عواد الجہنی کے اعزاز میں مرکزی جمعیت اہل حدیث کے سربراہ سینیٹر علامہ پروفیسر ساجد میر  کی جانب سے عشائیہ دیا گیا ،اس عشائیہ میں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس شمیم عالم خان ،جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق ،لیاقت بلوچ،جمعیت علمائے اسلام ف کے جنرل سیکرٹری سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری ،جمعیت علمائے پاکستان کے سربراہ پیر اعجاز ہاشمی سمیت سینکڑوں جید علما نے شرکت کی جبکہ معروف تجزیہ کار اور سینیئر صحافی مجیب الرحمن شامی ،ایثار رانا ،نصر اللہ ملک ،محمد عثمان ،نوید چوہدری ،لالہ نعیم ثاقب ، عبد المجید ساجد ،سید عدنان فاروق،حافظ ذوہیب طیب ،خالد شہزاد فاروقی ،سید عدنان فاروق سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد بھی عشائیہ میں شریک تھی ۔ 

مزید :

قومی -