”ریلیف نہیں ملتا تو انقلابی بن جاتے ہیں“ تحریک انصاف کو آڑے ہاتھوں لینے والے سلیم صافی ن لیگ اور پیپلز پارٹی پر برس پڑے
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) تجزیہ کار سلیم صافی نے کہاہے کہ اس وقت مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سیاست ان کے لیڈروں اور مسائل کے گرد گھوم رہی ہے ، اگر ان کو ریلیف ملتاہے تو ان سے زیادہ شرافت کامظاہر ہ کوئی نہیں کرتا ، اگر ریلیف نہیں ملتا تو یہ انقلابی بن جاتے ہیں۔
جیونیوز کے پروگرام ”رپورٹ کارڈ“ میں گفتگو کرتے ہوئے سلیم صافی نے کہا کہ اس وقت مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی سیاست ان کے لیڈروں اور ان کے مقدمات کے گرد گھوم رہی ہے ، اگر ان کو ریلیف ملتاہے تو ان سے زیادہ شرافت کامظاہر ہ کوئی نہیں کرتا ، اگر ریلیف نہیں ملتا تو یہ انقلابی بن جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف اورمریم نواز کا پچھلے پانچ چھ ماہ سے عوام یا ان کے مسائل پر کوئی بیان نہیں آیا اور یہی صورتحال پیپلز پارٹی کی ہے ۔ ان کا کہناتھا کہ فواد چودھری کی بات عمران خان سے شروع ہوتی ہے اور عمران خان پر ختم ہوتی ہے ، وہ دوسروں کو تو مشورے دیتے ہیں لیکن کیا وہ خود کیا عمران خان سے پہلو تہی برت سکتے ہیں ، ایسا کرکے دیکھیں ان کو پتہ چل جائے گا ۔