ٹائم میگزین نے 100 با اثر ترین افراد کی فہرست جاری کردی، عمران خان کے بارے میں کیا لکھا؟ جان کر آپ کو بھی خوشی ہوگی

ٹائم میگزین نے 100 با اثر ترین افراد کی فہرست جاری کردی، عمران خان کے بارے میں ...
ٹائم میگزین نے 100 با اثر ترین افراد کی فہرست جاری کردی، عمران خان کے بارے میں کیا لکھا؟ جان کر آپ کو بھی خوشی ہوگی

  

لندن (ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف جریدے ٹائم میگزین کی جانب سے دنیا کی 100 با اثر ترین شخصیات کی فہرست جاری کردی گئی ہے جس میں وزیر اعظم عمران خان کا نام بھی شامل ہے۔

میگزین نے وزیر اعظم عمران خان کے بارے میں لکھا ہے کہ انہوں نے 1992 کا ورلڈ کپ جیتنے کے بعد ورلڈ کلاس کینسر ہسپتال بنایا اور پھر ایسی یونیورسٹی تعمیر کی جس کے بارے میں تصور بھی نہیں کیا جاسکتا تھا ، جس کے بعد انہوں نے پاکستانی سیاست کے ڈرٹی بزنس میں قدم رکھا۔ ’ عمران خان اب ایک ایسی قوم کے وزیر اعظم ہیں جو اپنے بل ادا کرنے کیلئے اپنے امیر ہمسایوں چین اور خلیجی ممالک کی طرف دیکھتی ہے۔ ناقدین عمران خان کو پاک آرمی، دائیں بازو کے افراد کے انتہائی قریب سمجھتے ہیں اور کہتے ہیں کہ وہ اپنے مشیر چننے میں احتیاط سے کام نہیں لیتے‘۔

ٹائم میگزین نے عمران خان کے بارے میں مزید لکھا کہ وہ ایک ایسی شخصیت ہیں جن سے پاکستان کے نوجوانوں نے اپنی تمام امیدیں وابستہ کی ہوئی ہیں، پاکستان کے پیرو جواں یہ سمجھتے ہیں کہ عمران خان ہی وہ شخصیت ہیں جو جنوبی ایشیا میں جاری مستقل کشیدگی کا خاتمہ کرکے امن قائم کرسکتے ہیں۔

ٹائم میگزین کی 100 افراد کی فہرست 5 کیٹگریز میں دی گئی ہے ۔ سیاستدانوں کی کیٹگری میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، چین کے صدر شی جن پنگ، نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جیسنڈا آرڈرن ، اسرائیل کے وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو ، ملائیشیا کے وزیراعظم مہاتیر محمد، متحدہ عرب امارات کے ولی عہد محمد بن زید ، عیسائیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس اور وزیراعظم پاکستان عمران خان سمیت 26 شخصیات کو شامل کیا گیا ہے۔

ٹائم میگزین کی آئیکون کیٹگری میں گلوکارہ ٹیلر سوفٹ، لیڈی گاگااور مشیل اوبامہ سمیت 14 شخصیات کے نام شامل ہیں۔ ٹائٹنز کیٹگری میں سب سے اوپر مصر کے فٹبالر محمد صلاح کا نام درج ہے ۔ علاوہ ازیں بھارت کے امیر ترین شخص مکیش امبانی، امریکن گالفر ٹائیگر ووڈز، فیس بک کے بانی مارک زکر برگ سمیت 15 افراد کو اس کیٹگری میں شامل کیا گیا ہے۔

ٹائم میگزین نے فنکاروں کی کیٹگری میں دی راک کے نام سے مشہور اداکار و ریسلرڈوین جونسن، گیم آف تھرونز کی کھلیسی امیلیا کلارک، گلوکارہ آریانا گرینڈ سمیت 17 افراد کے نام درج ہیں۔

پائنیر کیٹگری میں جاپانی ٹینس سٹار ناﺅمی اوساکا، امریکی کامیڈین حسن منہاج، امریکن شیف ثمین نصرت سمیت 20 افراد کے نام شامل ہیں۔

مزید :

Breaking News -اہم خبریں -قومی -بین الاقوامی -