پنجاب حکومت کا رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ، مستحق خاندانوں کیلئے مالی امداد کی منظوری

      پنجاب حکومت کا رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ، مستحق خاندانوں کیلئے مالی ...

  

لاہور(جنرل رپورٹر)پنجاب حکومت نے کرونا وباء کے پیش نظر صوبے بھر میں رمضان بازار نہ لگانے کا فیصلہ کرتے ہوئے رمضان المبارک میں مستحق خاندانوں کو ریلیف دینے کیلئے براہ راست مالی امداد دینے کی اصولی منظوری دے دی۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا،جس میں رمضان پیکیج کے تحت عوام کوریلیف دینے کے اقدامات کاجائزہ لیا گیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مستحق خاندانوں کو رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد دیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ رمضان پیکیج کے تحت مالی امداد کا طریقہ کار اوردیگر امور جلد طے کئے جائیں۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام کیلئے موثر اقدامات کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں مصنوعی مہنگائی پیدا کرنے کی کسی صورت اجازت نہیں دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عام آدمی کو ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے اور صوبے کے عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر اقدام کیا جائے گا۔علاوہ ازیں کرونا وائرس کی روک تھام کیلئے قائم کابینہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہاہے کہ پنجاب حکومت کرونا کے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجے میں مصروف عمل ڈاکٹروں اوردیگر عملے کو ایک ماہ کی اضافی تنخواہ دے گی جبکہ پنجاب حکومت انسداد کرونا مہم کے دوران جاں بحق ملازم کے لواحقین کوتنہا نہیں چھوڑے گی۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر ہر صورت عملدرآمد کرایا جائے گا۔اجلاس میں ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرا میڈیکل سٹاف کے لئے پی پی ایز (حفاظتی لباس ودیگر ضروری سامان) کی دستیابی اور خریداری سے متعلقہ امور پر بھی غور کیساتھ ساتھ لاک ڈاؤن میں توسیع کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔بعدازاں وزیر اعلی پنجاب نے لاہور،شیخوپورہ اور گردونواح کا فضائی دورہ بھی کیا۔ وزیر اعلی عثمان بزدار نے مختلف شہروں میں لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کے اقدامات کا جائزہ لیا۔وزیراعلیٰ نے لاک ڈاؤن کے حوالے سے حکومتی اقدامات پر عملدرآمد پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے فرائض سرانجام دینے والے پولیس،پاک فوج اور رینجرز کے افسروں و اہلکاروں کوخراج تحسین پیش کیا تاہم وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے لاہور کی بعض سڑکوں پر ٹریفک دیکھ کر تشویش کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شہریو ں کو گھروں میں رہنے کی ا پیل کرتے ہوئے کہاکہ شہری اپنی او ردوسروں کی حفاظت کے لئے بلاضرورت گھروں سے نہ نکلیں۔انہوں نے کہاکہ عوام حکومتی ہدایات پر جتنا عمل کریں گے اتنا محفوظ رہیں گے۔

رمضان بازار

مزید :

صفحہ اول -