قومی وسائل ذاتی بنیادوں پر تقسیم کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے، سردار بابک

قومی وسائل ذاتی بنیادوں پر تقسیم کے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے، سردار بابک

  

پشاور(سٹی رپورٹر) اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و ڈپٹی اپوزیشن لیڈر سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ حکومت بجٹ تیاری میں یکطرفہ ٹریفک نہ چلائیں،اپوزیشن کے علاقوں کو پچھلے 7 سالوں سے نظر انداز کیا جارہا ہے جو کہ عوام کیساتھ ظلم اور نا انصافی ہے۔ حکومت صوبے کے وسائل کو صوبے کے طول و عرض میں بغیر سیاسی وابستگی کے انصاف اور ضرورت کی بنیاد پر تقسیم کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کے علاقوں میں ترقیاتی کاموں کیلئے رقم مختص نہ کرنا اور انہیں نظر انداز کرنے کے منفی نتائج سامنے آئیں گے۔ صوبے کے وسائل پر صوبے کے تمام عوام کا برابرکا حق ہے اور اپوزیشن اپنے علاقوں کیساتھ ہونے والی ناانصافی کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھاتی رہے گی۔ اپوزیشن اپنے عوام کی حقیقی نمائندگی یقینی بنانے کیلئے آخری حد تک لڑیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علاقوں کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت ترقیاتی کاموں میں مصروف ہیں جو کہ حکومت کے لے سوچنے کا مقام ہے۔ حکومت کو انصاف کے تقاضے پورے کرنی چاہیئے اور حکومت کے نا مناسب اور انصاف کے منافی رویے کے خلاف اپوزیشن کے تمام ممبران کے ساتھ ہونے والی زیادتی کا ازالہ کریں کیونکہ وہاں کے عوام بھی ٹیکس دیتے ہیں، بیرونی اور اندرونی قرضے واپس کررہے ہیں، اور اسی ملک کے باشندے ہیں لہٰذا قومی وسائل کو سیاسی اور ذاتی بنیادوں پر تقسیم کو فوری طور پر روکنا ہوگا بصورت دیگر اسکے خطرناک نتائج سامنے آئیں گے۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -