وہ ملک جس کی شہزادی نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ہسپتال میں کام شروع کردیا، نئی مثال قائم کردی
سٹاک ہوم(مانیٹرنگ ڈیسک) سویڈن کی شہزادی نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں اگلا مورچہ سنبھال کر نئی مثال قائم کر دی ہے۔ میل آن لائن کے مطابق ملک میںکورونا وائرس پھیلنے کے بعد شہزادی صوفیہ نے ہسپتال میں طبی عملے کے ساتھ مل کر مریضوں کی خدمت شروع کر دی ہے۔35سالہ شہزادی صوفیہ نے موذی وباءپھیلنے کے بعد سٹاک ہوم میں واقع صوفیہ ہیمیٹ یونیورسٹی میں تین روزہ طبی کورس کیا اور اب صوفیہ ہیمیٹ ہسپتال میں ہیلتھ کیئر اسسٹنٹ کے طور پر کام کر رہی ہیں۔
شہزادی صوفیہ اس یونیورسٹی میں اعزازی چیئرممبر بھی ہیں۔ ان کی ہسپتال کے دیگر عملے کے ہمراہ تصاویر سوشل میڈیا پر بہت وائرل ہو رہی ہیں۔ ان تصاویر میں انہوں نے بھی عملے کی یونیفارم پہن رکھی ہوتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق صوفیہ ہیمیٹ یونیورسٹی میں ہر ہفتے 80لوگوں کو کورونا وائرس کے مریضوں کی دیکھ بھال کی تربیت دی جا رہی ہے اور انہیں مختلف ہسپتالوں میں بھیجا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ اب تک سویڈن میں کورونا وائرس کے 11ہزار 927مریض سامنے آ چکے ہیں اور 1ہزار 203اموات ہو چکی ہیں۔