سپنا غزل کے اعزاز میں آرٹسٹ بھلائی کونسل کی جانب سے تقریب
لاہور(فلم رپورٹر) معروف فنکارہ سپنا غزل کے اعزاز میں آرٹسٹ بھلائی کونسل کی جانب سے تقریب پذیرائی کا انعقاد کیا گیا تقریب میں سرپرست اعلی اختر پیرزادہ، ملک یوسف جمال نے خصوصی شرکت کی۔ ڈائریکٹر یونس میمن نے کہا کہ سپنا غزل ایک ورسٹائل فنکارہ ہیں جو اپنے ہرکردار کو بڑی مہارت سے ادا کرتی ہیں۔ان کی فنی صلاحیتوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ اداکارہ شاہد ہ نے کہا کہ سپنا غزل نہ صرف ایک اچھی فنکارہ ہیں بلکہ وہ ایک بہترین انسان بھی ہیں۔ ملک یوسف جمال نے کہا کہ سپنا غزل کا شمار ملک کی باصلاحیت فنکارہ میں کیا جاتا ہے۔اداکار اسحاق راجو، اختر پیرزادہ، ڈاکٹر نیک بھٹی، جاوید مراد، کامران خان، ارما احمد، ہمایوں سردار اور فرحان آفندی کی جانب سے سپنا غزل کو خراج تحسین پیش کیا گیا اس موقع پر تالیوں کی گونج میں سپنا غزل کا شاندار استقبال کیا گیا۔سپنا غزل نے تمام احباب کا دلی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فنکار کو اس کی زندگی میں ہی اعتراف کمال کردینا چاہئے تاکہ اس میں ایک نئی امنگ پیدا ہو اور فنکار نئی توانائی کے ساتھ پرفارم کرے۔