کالعدم ٹی ایل پی کیخلاف انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت کارروائی کی گئی ،وزیر اعظم
اسلام آباد ( ڈیلی پاکستان آن لائن) وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ کالعدم ٹی ایل پی کیخلاف انسداد دہشتگردی قوانین کے تحت کارروائی کی گئی ،کالعدم ٹی ایل پی نے ریاستی رٹ کو چیلنج کیا ، عوام اور سکیورٹی فورسز پر حملے کئے ۔
وزیر اعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹویٹر پر کہا کہ واضح کر دینا چاہتاہوں کہ آئین اور قانون سے کوئی بالا تر نہیں ہو سکتا، بیرون ملک اسلامو فوبیا ، نسل پرستی میں ملوث انتہا پسند بھی سن لیں کہ نبی اکرم ﷺ ہمارے دلوں میں بستے ہیں ، بیرون ملک انتہا پسند ایک ارب 30کروڑ مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچاتے ہیں ، مسلمان سب سے زیادہ پیار اور احترام حضور ﷺ سے کرتے ہیں ۔
عمران خان نے کہا کہ مغربی حکومت نے ہولوکاسٹ سے متعلق کسی بھی منفی تبصرے پر پابندی لگائی ہے ، میں مغرب سے مطالبہ کرتا ہوں کہ نبی ﷺ کی شان میں توہین کرنے والوں کے لئے یہی معیار اپنائے ۔ مسلمانوں کیخلاف نفرت انگیز پیغامات پھیلانے والوں کیلئے بھی یہی معیار ہونا چاہئے ۔