فلم انڈسٹری کے زوال سے ثقافت کو شدید دھچکا پہنچا ہے،جہانگیر بدر

فلم انڈسٹری کے زوال سے ثقافت کو شدید دھچکا پہنچا ہے،جہانگیر بدر

لاہور(شوبز رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینٹ میں قائد ایوان جہانگیر بدر نے کہا ہے کہ فلم انڈسٹری کے زوال سے ثقافت کو شدید دھچکا پہنچا ہے ۔ ہماری حکومت فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے مخلص ہے جس کا ثبوت سابق وزیر اعطم سید یوسف رضا گیلانی کی طرف سے اعلان کردہ 5 کروڑ کی گرانٹ تھی ۔ جسے فلم والوںکی نااہل قیادت حاصل نہیں کرسکی ۔آج بھی فلم انڈسٹری کو نامور شعراءاور اچھی کہانیوں کی ضرورت ہے ۔جس طرح بھارت میں جب پرانی فلموں اور پرانے گیتوں پر زوال آنے لگا تو انہوں نے نئے نئے آئیڈیاز کے ذریعہ نئے گانے اور نئے موضوعات تلاش کئے۔ کلچرل جرنلسٹس ایسوسی ایشن آف پاکستان کے عہدیداروں کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان دنوں سیاسی پارٹیاں کلچرل کلچرل کھیل رہی ہیں جبکہ ہماری کلچرل سیاست ہے ۔ شہید زوالفقار علی بھٹو نے ماضی میں سیاسی کلچرل کی بنیاد رکھی تھی۔حکومت آج بھی فلم انڈسٹری کیلئے سنجیدہ اقدامات کرنا چاہتی ہے ۔لیکن افسوس فلم نگری میں اچھے شاعر۔ فلم میکرز اور باصلاحیت ہنرمند ناپید ہو چکے ہیں ۔ اگر” 21 ویں صدی میں ادب وثقافت کے جدید تقاضے“ کے عنوان سے سیمینار کا انعقاد کیا جائے تو وہ اور ان کی پارٹی اس سلسلہ میں ایسوسی ایشن سے ہر ممکن تعاون کرے گی ۔ اور جلد کلچرل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کی وزیر اعظم پاکستان راجہ پرویز اشرف سے ملاقات کرائی جائے گی ۔ اس موقع پر انہوں نے کلچرل جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے قیام کو ایک سال مکمل ہونے پر سالگرہ کیک کاٹا اور ان کی بہترین کارکردگی پر خصوصی شیلڈ پیش کی ۔اس موقع پرایسوسی ایشن کے صدر طاہر بخاری ،سینئر نائب صدر شجرالدین،جنرل سیکرٹری ٹھاکر لاہوری ،جوائینٹ سیکرٹری اے۔ آر گل ممبران میں ریاض منیر ،خواجہ منوراورپیپلز پارٹی کے رہنما عرفان کھوکھربھی موجود تھے ۔

مزید : کلچر