ڈینگی وائرس کی روک تھام کےلئے آنے والے دو ماہ بہت حساس ہیں ،نورالامین

ڈینگی وائرس کی روک تھام کےلئے آنے والے دو ماہ بہت حساس ہیں ،نورالامین

لاہور(سٹی ر پورٹر) ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن آفیسر لاہور نورالامین مینگل نے کہا ہے کہ ڈینگی وائرس اور اس کے لاروا کی افزائش کی روک تھام کےلئے آنے والے دو ماہ بہت حساس ہیں اور سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ نے تمام ٹاﺅنز کی انتظامیہ اور محکمہ ہیلتھ کو ڈینگی مچھر کے لاروا کی افزائش کو روکنے کےلئے سہولیات فراہم کر دی ہیں ۔سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ لاہور کے تمام افسران دل جمعی اور جانفشانی کے ساتھ کام کریں ضرورت پڑنے پر تمام ملازمین کی عید کی چھٹیاں منسوخ کردی جائیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ٹاﺅن ہال میں ڈینگی کے حوالے سے منعقدہ ایک اجلاس میں ضلعی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کی صدارت ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل اوروزیر اعلیٰ پنجاب کے سپیشل اسسٹنٹ برائے محکمہ صحت خواجہ سلمان رفیق (اےم پی اے)نے کی جبکہ اس موقع پر ای ڈی او ہیلتھ ، اسسٹنٹ کمشنرز، ٹی ایم اوز ، ڈی ڈی اوز ہیلتھ، محکمہ زراعت کے افسران، ماہر حشرات کے علاوہ میڈیا کے نمائندے بھی موجود تھے۔ ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے تمام افسران کو ہدایت کی کہ اگر کوئی بھی شخص ڈینگی مہم میںمداخلت کرتا ہے تو اس کے خلاف فوری طور پر پرچہ درج کروائیں۔ انہوں نے اے ڈی (ایل جی)، ٹی ایم اوز ، سول ڈیفنس اور ماہر حشرات کو ہدایت کی ہے کہ وہ سپیشل ٹیمیں بنا کر شہر بھر کے قبرستانوں کا معائینہ کریںاور قبروں پر پڑے پانی والے برتن یا گڑھوں کو مستقل طور پر بند کروائیں۔ سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اس ضمن میں ہر ٹاﺅن کو 5 عدد ریت کی ٹرالیاں فراہم کرے گی۔ انہوں نے اے ڈی ایل جی کو ہدایت کی کہ وہ تمام یونین کونسلز کے سےکرٹریز کو ہدایت کریں کہ وہ اپنی ڈیوٹیوں پر موجود رہیں اور یونین کونسلز میں سپرے کے کام میں تعاون کریں۔ نورالامین مینگل نے کہاکہ اینٹی ڈینگی کمپین میں حصہ لےنے والے تمام ملازمین کا ڈیوٹی روسٹر جاری کیا جائے اور اگر کوئی ملازم ڈیوٹی روسٹر کے مطابق اپنی ڈیوٹی پر موجود نہ پایا گیا تو اس کو گرفتار کروادیا جائے گا۔ انہوں نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر لاہور کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے تمام اے ایم ایز کو فیلڈ میں لیکر آئیںتاکہ ڈینگی مہم میں حصہ لینے والے سٹاف کی نگرانی کی جائے۔ انہوں نے سی پی آر او کو ہدایت کی کہ ڈینگی بچاﺅ سے متعلق لوگوںمیں شعور اجاگر کرنے کےلئے ایک جامع پبلسٹی مہم چلائیں اور شام تک بینرز اور سٹیمرز تمام نمایاں مقامات پر لگ جانے چاہئیں۔ اس کے علاوہ پانچ ہزار بینرز رکشوں کے پیچھے لگائے جائیں ۔ اگر کسی رکشہ ڈرائیور نے آگاہی مہم سے متعلقہ بینر رکشے سے دو ماہ سے پہلے اتارا تو اس کا رکشہ بند کروادیا جائے گا۔ ڈی سی او لاہور نورالامین مینگل نے بتایا کہ ہر ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر ہیلتھ کو دو ماہ کےلئے ٹیوٹا ہائی ایکس لے کر دی جائے گی۔ تا کہ وہ اپنے سٹاف کو مختلف علاقوں میں لے جاسکیں ۔ ڈی سی او لاہور نے کہا کہ عید والے دن لوگ قبرستانوں میں جاتے ہیں لہذا سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ اگلے دو دنوں میں اپنا فوکس شہر کے قبرستانوںپر کرے گی۔ وزیر اعلیٰ کے سپیشل اسسٹنٹ برائے محکمہ صحت پنجاب، خواجہ سلمان رفیق (ایم پی اے) نے اس موقع پر افسران اور ملازمین سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب حکومت نے ڈینگی مچھر اور اس کے لاروا کے خاتمے کے لئے تمام وسائل فراہم کر دئیے ہیں لہذا تمام ملازمین سنجیدہ طریقے سے اینٹی ڈینگی مہم میں حصہ لیں ا ور وہ خود حساس علاقوں کا دورہ بھی کریں گے اور ملازمین کے کاموں کو چیک کریںا گے۔

مزید : میٹروپولیٹن 1