نشتر کالونی میں تیز رفتار ٹرک نے دوبھائیوں کوکچل کر مارڈالا‘ڈرائیور فرار
لاہور(سپیشل رپورٹر) نشتر کالونی کے علاقہ میں تیزرفتار ٹرک نے دو بھائیوں کو کچل کر ہلاک کردیا حادثہ کے بعدڈرائیور ٹرالہ چھوڑکر موقع سے فرار ہوگیا مشتعل لوگوں نے ٹر الے کو آگ لگا دی اور روڈ بلاک کرکے احتجاجی مظاہرہ کیا جس کے نتیجہ میں گاڑیوں کی لمبی لمبی لائنیں لگ گئیں۔بتایاگیا ہے کہ کوٹ رادا کشن کا رہائشی حافظ مظہر نشتر کالونی کے علاقہ ظہورالسلام مدرسہ میں قرآن پاک کی تعلیم حاصل کررہاتھا گزشتہ روز اس کا چھوٹا بھائی حافظ زبیر اسے مدرسہ سے موٹر سائیکل پر لینے کے لیے آیا جب وہ اسے موٹر سائیکل پر لے کر واپس جارہاتھا کہ کماہاں روڈ پر تیزرفتار ٹرالے این ایل سی نے کچل دیا جس کے نتیجہ میں وہ دونوں بھائی موقع پر ہی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا حادثہ کے بعد ڈرائیور ٹرالہ چھوڑ کر موقع سے فرار ہوگیا موقع پر موجود لوگوں نے ٹرالے کو آگ لگا دی جس کے باعث پورے علاقے میں بھگدڑ مچ گئی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیمیں اور پولیس موقع پرپہنچ گئی جنہوں نے مظاہرین کو یقین دہانی کرائی جس پر شہری منتشر ہوگئے ،تاہم پولیس نے قانونی کارروائی کرتے ہوئے دونوبھائیوں کی لاشوں کو ورثاءکے حوالے کردیا دونوں کی ایک ساتھ لاشیں گھر پہنچتے ہی کہرام بر پا ہوگیا۔