گھریلودستکاریوں کوفروغ دینے کے لئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بنانے کافیصلہ

گھریلودستکاریوں کوفروغ دینے کے لئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بنانے کافیصلہ

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


لاہور(کامرس رپورٹر) پنجاب حکومت نے صوبہ میں گھریلو دستکاریوں کو فروغ دینے کیلئے نئی انڈسٹریل اسٹیٹس بنانے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ آنے والے دنوں میں وسیع بنیادوں پر روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں۔ ان میں سرفہرست ڈسکہ، جھنگ، راولپنڈی، میانوالی، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور بعض دوسرے علاقے شامل ہیںجہاں وسیع پیمانے پر ہنر مند گھریلو دستکاریاں تیار کر رہے ہیں ۔ یہ بات نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کے قیام کے سلسلہ میں بنائی گئی کمیٹی کے گزشتہ روز پی آئی ای کے سٹی آفس میںہونے والے اجلاس میں رکن قومی اسمبلی پرویز ملک نے بتائی۔انہوں نے کہا کہ پی آئی ای ایک قابل فخر ادارہ ہے۔ اجلاس میںپنجاب انڈسٹریل اسٹیٹس کے چیئرمین ایس ایم تنویر نے بتایا کہ صوبہ پنجاب میں موجودہ انڈسٹریل اسٹیٹس میں توسیع کے علاوہ دونئی انڈسٹریل اسٹیٹس پر کام جاری ہے جبکہ بھلوال انڈسٹریل اسٹیٹس کے ماسٹر پلان کی منظوری دے دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پی آئی ای کے ماتحت ان انڈسٹریل اسٹیٹس میں 30ہزار سے زائد کارکنوںکو روز گار کے مواقع فراہم ہوئے ہیں اورپی آئی ای کے ماتحت نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کی تکمیل کے بعد لگ بھگ ایک لاکھ روز گار کے نئے مواقع پیدا ہونگے۔انہوں نے وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کے صوبہ پنجاب کے صنعتی ویژن کو سراہتے ہوئے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی سرپرستی کے نتیجہ میں نئی انڈسٹریل اسٹیٹس کا قیام عمل میں آرہا ہے۔ انہوںنے کہا کہ پی آئی ای میڈیم سائز کی انڈسٹریل اسٹیٹس بنانے کے لیے جلد ہی حکومت کو لائحہ عمل فراہم کردے گی۔ اجلاس میں مختلف محکموں کے سیکرٹریز کے علاوہ سرکاری وغیر سرکاری اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔