ڈینگی کے مریضوں کو فری طبی سہولیات دیں گے، عارف ندیم

ڈینگی کے مریضوں کو فری طبی سہولیات دیں گے، عارف ندیم

لاہور (جنرل رپورٹر)ضرورت پڑنے پر ڈینگی کے مریضوں کے علاج معالجہ میں نجی ہسپتال گزشتہ سال کی طرح حکومت کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہوئے ڈینگی کے مریضوں کو مفت طبی سہولیات فراہم کریں گے ۔اس بات کی یقین دہانی سیکرٹری صحت پنجاب عارف ندیم کی زیر صدارت ہونے والے نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ کے اجلاس میں کرائی گئی ۔ جس میں لاہور سے تعلق رکھنے والے نجی ہسپتالوں کے مالکان اور ہیلتھ مینجرز نے بھر پور شرکت کی ۔ وزیر اعلی پنجاب کے معاون خصوصی برائے صحت خواجہ سلمان رفیق بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ویکٹر بارن ڈیزیز ڈاکٹر جعفر الیاس نے ڈینگی کی موجودہ صورتحال ، حکومتی انتظامات اور دیگر امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔ ڈاکٹر جعفر الیاس نے نجی ہسپتالوں کی انتظامیہ پر زور دیا کہ وہ ہسپتال میں آنے والے ڈینگی کے مشتبہ اور کنفرم مریضوںکے اعداد و شمار (ڈیٹا) محکمہ صحت پنجاب کو ضرور ارسال کریں اور ڈیش بورڈ پر بھی لوڈ کریں تاکہ ڈیزیز سرویلنس صحیح طریقہ پر ہو سکے ۔ سیکرٹری صحت عارف ندیم نے پرائیویٹ ہسپتالوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ڈینگی کی وباءکے موقع پر ان ہسپتالوں کی انتظامیہ نے حکومت کے ساتھ بھر پور تعاون کرتے ہوئے ڈینگی کے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات مفت فراہم کی تھیں ۔ سیکرٹری صحت نے امید ظاہر کی کہ اگر خدانخواستہ اس سال بھی ضرورت پڑی تو نجی ہسپتال دکھی انسانیت کی حدمت میں پہلے سے زیادہ تعاون کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال صورتحال بہت بہتر ہے اور اب تک کے اعداد و شمار حکومت انتظامات اور سرویلنس کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے امید کی جا سکتی ہے کہ اس سال ڈینگی وباءکی شکل اختیار نہیں کرے گا ۔

مزید : میٹروپولیٹن 1