چڑیاگھر کے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہ سے محروم ‘عید کی خوشیاں ماند

چڑیاگھر کے ڈیلی ویجز ملازمین تنخواہ سے محروم ‘عید کی خوشیاں ماند

لاہور (اسد اقبال) لاہور چڑیا گھر کے ستر سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین انتظامیہ کی ہٹ دھرمی کے باعث عید پر بھی تنخواہ وعید الاﺅنس سے محرو م رہیں گے۔ چڑیا گھر کے اعلیٰ افسر نے شاہی فیصلہ کرتے ہوئے ملازمین کی عید کی خوشیوں پر پانی پھیر دیا اور ڈیلی ویجز ملازمین کو جانور سمجھتے ہوئے زبانوں پر بھی خوف کے تالے لگا دیے ہیں۔ جس کے پیش نظر محنت کش ملازمین میں ”تشویش“ وغم غصہ کی لہر دوڑ گئی۔ جبکہ کنٹریکٹ وریگولر ملازمین کو صرف عید الاﺅنس کی مد میں 4 سے 6 ہزار روپے تک جاری کردیے گئے ہیں۔ چڑیا گھر ذرائع کے مطابق لاہور کے چڑیا گھر میں ہمیشہ کی طرح عیدالفطرر پر ڈیلی ویجز ملازمین کو عید سے قبل تنخواہ سمیت عید الاﺅنس جاری کیے جاتے تھے۔ تاہم موجودہ ڈائریکٹر چڑیا گھر کی عدم دلچسپی کے باعث رواں سال ستر سے زائد ڈیلی ویجز ملازمین عید الاﺅنس سے محروم رہیں گے جن کے اہل خانہ عید کی خوشیاں منانے سے قاصر ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ لاہور چڑیا گھر میں ملازمین کی سب سے بڑی تعداد ڈیلی ویجز پر کام کرنے والے افراد کی ہے۔ جو چڑیا گھر کے نظام کو سنبھالنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ تاہم موجودہ ڈائریکٹر کی ناقص حکمت عملی کے باعث جہاں ڈیلی ویجز ملازمین کو کئی ایک مسائل کا سامنا رہا ہے وہیں عید الفطر پر عید الاﺅنس جاری نہ کیا گیا ہے۔ جبکہ ماضیگواہ ہے کہ محکمہ وائلڈ لائف کی جانب سے خصوصی طور پر ڈیلی ویجز ملازمین کو عید پیکج دیا جاتا تھا۔ تاہم رواں سال انتظامیہ کی جانب سے ڈیلی ویجز ملازمین کو چپ سادھنے کے احکامات اور دیگر کنٹریکٹ وریگولر ملازمین کو 5 سے 6 ہزار روپے تک عید الاﺅنس کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔ ”پاکستان“ سے گفتگو کرتے ہوئے لاہور چڑیا گھر کے ڈائریکٹر شفقت نے کہا کہ ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے عید الاﺅنس فکس نہیں ہوتے۔ جن کو حالات کی مناسبت اور پرفارمنس کے پیش نظر عید الاﺅنس دیا جاتا ہے۔ رواں سال ہم نے کنٹریکٹ ڈیلی ویجز ملازمین کو عید الاﺅنس جاری کردیئےہیں۔ ڈیلی ویجز ملازمین کو عید الاﺅنس کی بجائے پندرہ دن کی تنخواہ دی جائے گی۔

مزید : میٹروپولیٹن 1