لاہور چیمبر سارک خطے میںثاثلی سینٹر قائم کرنے والا پہلا چیمبر بن گیا:کاروباری تنازعات حل ہوسکیں گے

لاہور چیمبر سارک خطے میںثاثلی سینٹر قائم کرنے والا پہلا چیمبر بن ...

لاہور (کامرس رپورٹر) سارک خطے میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری وہ پہلا چیمبر بن گیا ہے جس نے تنازعات کے حل کے لیے ثالثی سنٹر قائم کردیا ہے۔ لاہور چیمبر ڈسپیوٹ ریزولوشن سنٹر کے نام سے قائم ہونے والے اس سنٹر کو ورلڈ بینک کی ممبر انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کا تعاون حاصل ہے۔ نجی شعبے میں اپنی نوعیت کے اس منفرد سنٹر کا افتتاح لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر عرفان قیصر شیخ اور انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن (آئی ایف سی )کے مینیجرانویسمنٹ برائے مشرق وسطیٰ و شمالی افریقہ مگدی اے امین (Magdi A Amin)نے مشترکہ طور پر کیا۔ آئی ایف سی کی صائمہ زبیری ،اسفندیار علی خان ، لاہور چیمبر کی نائب صدر سعیدہ نذر، سابق صدور میاں محمد اشرف، افتخار علی ملک، میاں انجم نثار، سابق سینئر نائب صدر سہیل لاشاری، سابق نائب صدر شفقت سعیدہ پراچہ اور ایگزیکٹو کمیٹی رکن فہیم الرحمن سہگل نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ نے اپنے خطاب میں کہا کہ لاہور چیمبر ڈسپیوٹ ریزولوشن سنٹر کاروباری برادری کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا ہے جس کے ذریعے انہیں تنازعات کے حل میں مدد دی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ لاہور چیمبر تمام چیمبرز اور دیگر تجارتی تنظیموں کو عالمی معیار کے اس سنٹر کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرے گا۔ انہوں نے نجی شعبے میں اپنی نوعیت کے اِس منفرد ثالثی سنٹر کے قیام کے لیے بہترین تعاون مہیا کرنے پر آئی ایف سی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کا ایک تاریخی منصوبہ ہے۔ لاہور چیمبر کا یہ ثالثی سنٹر ایک عالمی پلیٹ فارم ہے جو کاروباری تنازعات کے حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے گا۔ ثالثی سنٹر کے ذریعے لاہور چیمبر نے اپنے ممبران کو ایک اور بہترین سہولت مہیا کی ہے۔ عرفان قیصر شیخ نے کہا کہ سرکاری حکام، بڑے چیمبرز ، تجارتی ایسوسی ایشنوں، بینکوں اور دیگر اداروں کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کو لاہور چیمبر کے ثالثی سنٹر کی اہمیت سے آگاہ کیا جائے گا۔ لاہور چیمبر کے سابق صدور میاں محمد اشرف، افتخار علی ملک اور میاں انجم نثار نے کہا کہ لاہور چیمبر میں عالمی معیار کے ثالثی سنٹر کے قیام سے نہ صرف ملک میں سرمایہ کاری کا ماحول بہتر ہوگا بلکہ عالمی سطح پر بھی ایک مثبت پیغام جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ثالثی کا ایک بہترین نظام وقت کی اہم ضرورت تھا اور یہ نجی شعبے کی ایک بڑی کامیابی ہے۔ لاہور چیمبر کے سابق سینئر نائب صدر سہیل لاشاری اور سابق نائب صدر شفقت سعید پراچہ نے ثالثی سنٹر کے قیام کے ذریعے ایک اہم سنگ میل عبور کرنے پر لاہور چیمبرکو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس سنٹر کے بارے میں معلومات دوسروں تک پہنچانے کی ضرورت پر زور دیا۔ لاہور چیمبر کی نائب صدر سعیدہ نذر نے ثالثی سنٹر کے قیام کے لیے لاہور چیمبرکو منتخب کرنے پر لاہور چیمبر کو سراہا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ کاروباری برادری اس ثالثی سنٹر سے حقیقی معنوں میں فائدہ اٹھائے گی۔ تقریب کے اختتام پر لاہور چیمبر کے صدر عرفان قیصر شیخ اور مگدی امین نے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے۔

مزید : کامرس