105میں سے صرف 45پارکنگ سٹینڈ کی نیلامی ‘63میں کسی نے دلچسپی ظاہر نہ کی

105میں سے صرف 45پارکنگ سٹینڈ کی نیلامی ‘63میں کسی نے دلچسپی ظاہر نہ کی

لاہور (سٹی رپورٹر) صوبائی دارالحکومت کے ضلعی حکومت سے منظور شدہ 105 پارکنگ سٹینڈز کی نیلامی کا انعقاد ٹاﺅن ہال میں کیا گیا۔ جس کی نگرانی ڈی سی او لاہور نوارالامین مینگل اور ڈسٹرکٹ آفیسر شہری سہولیات فہد انیس نے کی جبکہ شہر کی کئی نامور فرموں نے بولی میںحصہ لیا۔ گلبرگ، ہال روڈ، مال روڈ، جیل روڈ اور اندرون شہر سمیت مختلف اہم شاہراہوں اور دفاتر کے پارکنگ سٹینڈز نیلامی کیلئے پیش کئے گئے۔ مگر 105 پارکنگ سٹینڈز میں سے صرف 42 پارکنگ سٹینڈز کی نیلامی ممکن ہوسکی جبکہ 63 پارکنگ سٹینڈز کی نیلامی میں کسی فرم نے دلچسپی ظاہر نہ کی جن میں لاہور کے سب سے بڑے پارکنگ سٹینڈ لبرٹی مارکیٹ، حفیظ سنٹر سمیت شہر کے دیگر اہم تجارتی مراکز شامل ہیں۔ جبکہ فیروز پور روڈ پر جاری ترقیاتی کاموں کے باعث بھی کئی اہم پارکنگ سٹینڈز کی نیلامی نہیں ہوسکی۔ جبکہ بولی میں کامیاب 42 پارکنگ سٹینڈز میں سے داتا دربار پارکنگ سٹینڈ بائیس لاکھ، ایل ڈی اے پلازہ دس لاکھ، مون مارکیٹ گلشن راوی سترہ لاکھ پچاس ہزار اور شیرانوالہ گیٹ پارکنگ سٹینڈ آٹھ لاکھ ستانوے ہزار روپے میں نیلام ہوئے۔ ان 42 پارکنگ سٹینڈز کی ریزر وپرائس ایک کروڈ پچانوے لاکھ چھپن ہزار مقرر کی گئی تھی جبکہ ان کی نیلامی دو کروڈ پچاس لاکھ ساٹھ ہزار روپے میں ہوئی جس کے باعث ضلعی حکومت کو تقریباً پچپن لاکھ روپے کا ریونیو کی مد میں فائدہ ہوا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1