پنجاب حکومت کسانوں کا معیار زندگی بلند کرے گی: احمد علی

پنجاب حکومت کسانوں کا معیار زندگی بلند کرے گی: احمد علی

لاہور (جنرل رپورٹر) صوبائی وزیرزراعت ملک احمد علی نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت کسانوں کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے دن رات کوشاں ہے اور جرمن کے شہر برلن میں منعقد ہونے والے ”انٹر نیشنل گرین ویک“ میں پاکستانی زرعی مصنوعات کی نمائش میں شرکت سے کسانوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں اور اس منصوبہ کے تحت زرعی ولائیوسٹاک مصنوعات کی لاگت کو کم کرتے ہوئے پوسٹ ہارویسٹ نقصانات کے ازالے سے پاکستانی مصنوعات کو بین الاقوامی معیار کے مطابق اچھی قیمت پر فروخت کیا جاسکتا ہے۔ جس سے نہ صرف زرعی شعبے میں انقلاب برپا ہوگا بلکہ دیہی علاقوں میںپائی جانے والی غربت کا بھی خاتمہ ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ زراعت کے کمیٹی روم میں سپلائی چین مینجمنٹ کے منصوبہ کا جائزہ لینے کے سلسلہ میں سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ رکن صوبائی اسمبلی چوہدری اسد اللہ، سیکرٹری زراعت محمد مشتاق احمد ، منصوبہ / ایڈیشنل سیکرٹری زراعت امیر خٹک، چیف کوآرڈینیٹر کاشف جمشید، محکمہ فنانس، پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور لائیو سٹاک کے نمائندے بھی اجلاس میں موجود تھے۔ اس موقع پر سپلائی چین مینجمنٹ میں دلچسپی رکھنے والی بین الاقوامی شہرت کے حامل لاجسٹک کمپنیوں نے اجلاس کو بریفنگ بھی دی۔ صوبائی وزیرزراعت نے کہا ہے کہ ”سپلائی چین مینجمنٹ میں بہتری کے منصوبہ“ کے تحت گلوبل گیپ اور IFS سرٹیفکیشن کے حصول کے لئے حکومت پنجاب کی جانب سے 70 فیصد مالی معاونت دی جائے گی جس کی بدولت کسانوں کو اپنی لائیوسٹاک وزرعی مصنوعات بین الاقوامی مارکیٹ میں متعارف کرانے میں مدد ملے گی اور اس سے ان کا معیار زندگی بھی بلند ہوگا۔

مزید : میٹروپولیٹن 1