گومل زم ڈیم منصوبے پر کام کرنیوالے 8ملازم ٹانک کی سرحد سے اغوا

گومل زم ڈیم منصوبے پر کام کرنیوالے 8ملازم ٹانک کی سرحد سے اغوا

لاڈھا(این این آئی) گومل زم ڈیم منصوبے پر کام کرنےوالے 8ملازمین کو جنوبی وزیرستان اور ضلع ٹانک کی سرحد سے ملحقہ علاقے مرتضیٰ گوٹھ سے اغوا کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق دو پک اپ گاڑیوں پر سوار یہ ملازمین جنوبی وزیرستان میں واقع ڈیم کی سائٹ سے واپس ٹانک کے طرف آرہے تھے جب وہ مرتضی گوٹھ کے قریب گراڈاوی کے مقام پر پہنچے تو عسکریت پسندوں نے ان کو گاڑیوں سمیت اغوا کرلیا۔ذرائع کے مطابق اغوا ہونے والوں میں انجینئر، ایک سب انجینئر، دو ڈرائیور، ایک باورچی، دو سیکیورٹی اہلکار اور ایک مزدور شامل ہیں۔جن چارلوگوں کی شناخت ہوئی ہے ان میں ذیشان، مرتضی، مشتاق اور زجاج ہیں۔ پولیٹیکل انتظامیہ اور انٹیلی جنس ذرائع نے واقعہ کی تصدیق کی ہے۔ آزاد ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ چند چینی شہری بھی اغوا ہونے والوں میں شامل ہیں لیکن حکام نے اس کی تصدیق نہیں کی جبکہ تاحال کسی نے بھی واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ۔

مزید : صفحہ اول