ہائیکورٹ، اہم عمارات کا لوڈشیڈنگ سے استثنیٰ ختم کرنے کیلئے درخواست دائر
لاہور(نامہ نگارخصوصی) ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوس سمیت اہم عمارات اور مقامات کا لوڈ شیڈنگ سے استثنا ختم کرنے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی ہے درخواست گزار کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا ہے ملک کے مختلف حصوں میں بائیس، بائیس گھنٹوں کی لوڈ شیڈنگ کی جارہی ہے جس کے باعث صنعت تباہ اور عوام بدحالی کا شکارہے واپڈا نے اہم مقامات اور عمارات کو لوڈشیڈنگ سے مستثنی قرار دے رکھا ہے جس کی وجہ سے وی آئی پی شخصیات کو لوڈشیڈنگ کے عذاب سے واسطہ نہیں پڑتا۔درخواست گزار کے مطابق جب تک ملک کی اہم حکومتی اور انتظامی شخصیات کو لوڈشیڈنگ کا سامنا نہ ہو ملک سے یہ بحران ختم نہیں ہوسکتا لہذا عدالت ایوان صدر اور وزیراعظم ہاوس سمیت اہم عمارات اور مقامات کا لوڈشیڈنگ سے استثنی ختم کرنے کے احکامات جاری کرے